ساہیوال میں سوئی گیس کی غیر اعلانیہ بندش کیخلاف 12کالونیوں کے مکینوں کا پاکپتن چوک میںاحتجاجی مظاہرہ،ٹریفک جام

جمعہ 20 جنوری 2017 19:21

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2017ء) پاکپتن چوک ساہیوال میں سوئی گیس کی غیر اعلا نیہ بندش کے خلاف احتجاج کرتے ہوئی12کالونیوں کے سینکڑوں خواتین ، بچوں ، بچیوں اور دیگر افراد نے روڈ بلاک کرکے لاہور ملتان روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا احتجاج کیا اور دھرنا دیا جس کے سبب اوور ہیڈ برج جوگی چوک شہر کا داخلی راستہ بند ہوگیا اور تین گھنٹے تک ٹریفک معطل رہی ۔

(جاری ہے)

گرین ٹائون ، ماڈل ٹائون ، شریف کالونی ،محلہ نور پارک ، ریلوے کالونی ، کچی آبادی ، غلہ منڈی ، کنال ویو ، جامعہ رشیدیہ کالونی، لکڑ منڈی غلہ منڈی ، پیپلز کالونی ، ڈسپنسری روڈ سمیت 12کالونیوں کے احتجاج کے سبب کاروں ، ٹرکوں ، مسافر ویگنوں ، بسوں اور دیگر گاڑیوں کی تین ، تین میل تک لمبی قطاریں لگ گئیں ۔ مظاہرین نعرے لگا رہے تھے گیس دو راستہ لو ، تین گھنٹے کے بعد سوئی نادرن گیس ساہیوال ریجن کے چیف راشد علی موقعہ پر پہنچ گئے اور انہوں نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ ان آبادیوں کو سوئی گیس کی فراہمی اگلے 24گھنٹوں کے اندر سپلائی بہتر کرکے کر دی جائیگی جس کے بعد مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔

متعلقہ عنوان :