تمام تر دستیاب مشینری و گاڑیوں کی درست حالت میں موجودگی کو یقینی بنایاجائے ،میونسپل کمشنر بلدیہ غربی

جمعہ 20 جنوری 2017 19:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2017ء)میونسپل کمشنر بلدیہ غربی اشفاق احمد ملاح نے کہا کہ عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کیلئے تمام تر دستیاب مشینری و گاڑیوں کی درست حالت میں موجودگی کو یقینی بنائیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اورنگی زون میں گاڑیوں ،کچرہ گاڑیوں اور دیگر مشینری کی مرمت کا معائینہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پرانہوںنے موقع پر موجود افسران کوہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ورکشاپ میں آنے والی تمام قسم کی گاڑیوں اور مشینری کے کام تیز رفتاری سے مکمل کیا جائیں تمام محکمہ جات اپنی کارکردگی کو مذید بہتر بنائیں خصوصا ورکشاپ کے افسران اور ٹیکنیکل اسٹا ف گاڑیوں اور دیگر پرزہ جات کی مرمت کا کام بروقت کریں کچرہ گاڑیوں اور مشینری کی سروس اور گاڑیوں میں معیاری فیول اور پرزہ جات استعمال کریں انہوں نے ڈرائیور ز کو ہدایت کی کہ گاڑیوں کو احتیاط سے استعمال کریں اور ان گاڑیوں اور مشینری کو جن میں جدید خود کارنظام موجود ہے ان کو بتائے گئے طریقہ کار کے مطابق آپریٹ کریں اگر غیر زمہ داری کی شکایت موصول ہوئی تو سخت کاروائی کا سامنا کرنا ہوگا شعبہ سنیٹشن کے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ بلدیہ غربی کی حدودمیں صفائی ستھرائی کی صورتحال کو اور بہتر بنانے کیلئے ذمہ داری سے اپنے فرائض انجام دیں ندی نالوں سے نکالے جانے والے کچرہ و ملبہ کو فوری تلف کرنے کے ساتھ ساتھ چونے اورجراثیم کش ادویات کے اسپرے کا عمل بھی تسلسل سے جاری رکھا جائے۔