انچارج انوسٹی گیشن کاہنہ سب انسپکٹر خالد محمود شہید کی نماز جنازہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ادا کردی گئی

قیام امن کی خاطر پنجاب پولیس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، آئی جی پنجاب

جمعہ 20 جنوری 2017 19:11

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے کہا ہے کہ قیام امن کی خاطر پنجاب پولیس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ، پنجاب پولیس کے شہیدوں کے پاک خون کو ہمیشہ یاد اور عزت کی نگاہ سے دیکھا جائے گا ،صوبہ میں عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں کاہنہ میںقتل کے اشتہاری مجرمان کی فائرنگ سے شہید ہونے والے انچارج انوسٹی گیشن کاہنہ خالدمحمود کی نمازجنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)محمد امین وینس ، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف ، ایس ایس پی ایڈمن رانا ایاز سلیم ، ایس پی ہیڈکواٹرز غلام مبشر میکن ، ایس پی انوسٹی گیشن ماڈل ٹائون کاشف اسلم اورشہید کے اہل خانہ سمیت اہلکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق شہید سب انسپکٹر خالد محمود خفیہ اطلاع ملنے پر ضلع قصور کے علاقہ علی گارڈن میں قتل کے اشتہاری مجرمان کا تعاقب کرتے ہوئے پہنچے تو اشتہاری مجرمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں سب انسپکٹر خالد محمود شہید ہوگئے ۔

شہید سب انسپکٹر خالد محمود 1983کو ضلع لاہو ر میں بطور کانسٹیبل بھرتی ہوئے ۔شہید سب انسپکٹر خالد محمود نے 2بیٹے اور 2بیٹیاں سوگوار چھوڑیں۔ نماز جنازہ کے موقع پر اہلکاروں کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی اور آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے شہید کے اہل خانہ کے ساتھ انتہائی دکھ اور درد کااظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :