کراچی : کورنگی نالے سے زخمی حالت میں ملنے والی بچی کی میڈیکل رپورٹ آگئی

بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے، تصدیق ہوگئی ، سپریم کورٹ نے زیادتی کیس کا ازخود نوٹس لے لیا ، آئی جی سندھ سے 48گھنٹوں میں تفصیلی رپورٹ طلب

جمعہ 20 جنوری 2017 18:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2017ء) کراچی کے علاقے کورنگی نالے سے زخمی حالت میں ملنے والی بچی کی میڈیکل رپورٹ نے تصدیق کی ہے کہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے، سپریم کورٹ نے بچی زیادتی کیس کا ازخود نوٹس لے لیا ہے اور آئی جی سندھ کو 48گھنٹوں میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔پولیس نے کورنگی نالے سے زخمی حالت میں ملنے والی بچی کا بیان ریکارڈ کرلیا گیا ہے، بچی کا تعلق سندھ کے شہر مٹھی سے ہے اوروہ کورنگی ڈھائی نمبر سیکٹر 32 اے کی رہائشی ہے جب کہ ان کا والد فیکٹری میں ملازمت کرتا ہے۔

بچی کے ماموں شوکت کا کہنا ہے کہ جمعرات کی دوپہر کو بچی کھیلتے ہوئے گم ہوئی تھی جسے تلاش کیا مگر کہیں نہیں ملی۔اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بچی کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم بچی کے والدین ہوں یا کوئی اور، پولیس کی اجازت کے بغیر کسی کو بھی بچی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ بچی ابھی مکمل طورپرہوش وہواس میں نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ادھر 24 گھنٹے گزر جانے کے باوجود پولیس ملزمان کا سراغ لگانے میں ناکام رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لگتا ہے بچی ملزمان کو جانتی ہے جس کی وجہ سے ملزمان بچی کو اپنے ساتھ کسی سنسان مقام پرلے گئے تاہم معاملے کی ہر پہلو سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ ایس ایچ او ابراہیم حیدری کے مطابق مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔گزشتہ روزڈاکٹروں نے بچی کے ساتھ زیادتی کی تصدیق کردی تھی جبکہ ایڈیشنل پولیس سرجن ڈاکٹرقرارنے بتایا کہ بچی کے گلے اورہاتھ پر تشدد کے نشانات بھی ہیں۔دوسری جانب سپریم کورٹ نے بچی زیادتی کیس کا ازخود نوٹس لے لیا ہے اور آئی جی سندھ کو 48گھنٹوں میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہی. اراکین سندھ اسمبلی نے چھ سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کی شدت الفاظ میں مذمت کی اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہچانے کا مطالبہ کیا ہے۔