پاناما لیکس اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے ،بلاول بھٹو زرداری

اقتدار میں آ کر روٹی ،کپڑا اور مکان کا وعدہ پورا کریں گے ،اجلاس سے خطاب

جمعہ 20 جنوری 2017 18:26

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2017ء) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے ، پانامہ سکینڈل سے شریف صاحبان کبھی بھی بچ نہیں پائیں گے ،وزیراعظم اور ان کا خاندان ملک کے عوام سے گیم کھیل رہے ہیں ۔ آن لائن کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی کے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہم نے بے نظیر بھٹو شہید کے مشن کو آگے لے کر جانا ہے اور پنجاب میں پیپلز پارٹی کو فعال کرنے کا عہد کررکھا ہے اور آئندہ انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لیا جائے گا انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی چاروں صوبوں کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی جماعت ہے اور پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو شہید جنہوں نے عوام کی خدمت روٹی کپڑا اور مکان کا وعدہ کیا تھا انشاء اللہ ہم برسر اقتدار آکر اسے پورا کرینگے اس موقع پر پیپلز پارٹی پنجا ب کے صدر قمر زمان کائرہ ، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ، سابق چیئرمین سینٹ نیئر بخاری، سیکرٹری جنرل پنجاب پی پی پی ندیم افضل چن ، سابق وفاقی وزیر چوہدری سعید اقبال اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے بلاول بھٹو نے اپنے دورے کے دوران جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، فیصل آباد میں پارٹی کے کو آرڈنیٹر مقرر کرنے کیلئے کارکنوں کے انٹرویو بھی کئے بلاول بھٹو نے لاہور سے فیصل آباد احتساب ریلی کا شاندار استقبال کرنے پر کارکنوں کا شکریہ ادا کیا بلاول بھٹو ایک روزہ قیام کے بعد بذریعہ ہیلی کاپٹر فیصل آباد سے لاہور روانہ ہوگئے