ملکی ترقی کا خواب پورا ہورہاہے ،مخالفین کی نیندیں اڑرہی ہیں،گارنٹی ہے یہ2018ء کا الیکشن بھی ہاریں گے،وفاقی وزیر خزانہ

پاناما کے بعد پاکستانی شہریوں کے گلوبل اثاثوں پر حکومت نے نگرانی شروع کر دی ہے،ٹیکس چوروں کا مستقبل تاریک ہے ان کے گرد گھیرا تنگ ہو رہا ہے، اسحاق ڈار ہمیں سب کو ایک ساتھ ملاکر پاکستان کو آگے لیجانا ہے، میری کرسی چھوڑنے سے معاشی نمودگنی ہوتی ہے تو سیکنڈ نہیں لگائوں گا، کراچی کی سیکورٹی کی صورتحال اب بہت بہتر ہوچکی ہے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج اورچینی کنسورشیم کے درمیان ڈی میوچلائزیشن کے معاہدے پردستخط کے موقع پرخطاب

جمعہ 20 جنوری 2017 18:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2017ء) وفاقی وزیر خزانہ سنیٹراسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کا خواب پورا ہورہاہے اور مخالفین کی نیندیں اڑرہی ہیں،گارنٹی ہے یہ 2018 کا الیکشن بھی ہاریں گے، پاناما کے بعد پاکستانی شہریوں کے گلوبل اثاثوں پر حکومت نے نگرانی شروع کر دی ہے۔ٹیکس چوروں کا مستقبل تاریک ہے کیونکہ ان کے گرد گھیرا تنگ ہو رہا ہے۔

ہمیں سب کو ایک ساتھ ملاکر پاکستان کو آگے لے جانا ہے، میری کرسی چھوڑنے سے معاشی نمودگنی ہوتی ہے تو سیکنڈ نہیں لگائوں گا، کراچی کی سیکورٹی کی صورتحال اب بہت بہتر ہوچکی ہے، دوست بتاتے ہیں کہ کراچی کی راتیں جاگنے لگی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کوکراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج اورچینی کنسورشیم کے درمیان ڈی میوچلائزیشن کے معاہدے پردستخط کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 40 فیصد حصص فروخت کرنے کا معاہدہ طے پاگیا اور 32 کروڑ شیئرز کی خرید و فروخت کے معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں۔تقریب سے گورنر اسٹیٹ بینک، چینی سفیر، چیئرمین چائنا ریگولیٹری کمیشن اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے سربراہان نے بھی خطاب کیا ۔اوفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے ٹیکس چوری کے خاتمے کے لیے او ای سی ڈی کی رکنیت حاصل کی،او ای سی ڈی کا فورم آئندہ سال فعال ہوجائے گا،اقتصادی بہتری کے لیے ہرشعبے کی تجاویز کا خیرمقدم کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ توانائی کے شعبے میں ماضی میں کوئی سرمایہ کاری نہیں کی گئی،منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے ملک اندھیروں میں ڈوبا، مالیاتی ٹیم نے خسارے کو کم اور ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کیا۔ اسحاق ڈارنے کہا کہ ماضی میں نا توروڈ میپ تھا اورنا ہی کوئی وژن، لیکن اب ایسا نہیں ہے، ہم نے 3 سال میں ترقیاتی اخراجات میں تین گنا اضافہ کیا، پاکستان کے پاس 5 ماہ کے زرمبادلہ کے ذخائرموجود ہیں، عالمی منڈی پاکستان کی معیشت کی بہتری کی معترف ہے، پاکستان کا دنیا کی ابھرتی معیشتوں میں شمارہونا ہماری اہم کامیابی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے حصص کی فروخت ایک تاریخی لمحہ ہے،پاکستان کیپٹل مارکیٹ کے اسٹیک ہولڈرز اور چینی کنسورشیم کو مبارکباد دیتا ہوں،حکومت نے اسٹاک مارکیٹ کی ڈی میوچلائزیشن کے لیے معاونت فراہم کی،چینی کنسورشیم کی پاکستان کیپٹل مارکیٹ میں شراکت سے فریقین کو فائدہ ہو گا۔انہوں نے دعوی کیا کہ ہم 56 لاکھ خاندانوں کومالی معاونت فراہم کررہے ہیں،ہم نے غربت کے خاتمے کے لیے چھوٹے کاروباری قرضوں کا نظام شروع کیا،پاکستان ڈیولپمنٹ فنڈ قائم کردیا ہے جس میں دنیا کے کچھ اداروں نے دلچسپی کا اظہار کیا ۔

انہوں نے مستقبل کا تعین کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں انفرااسٹرکچر بانڈ کی ٹریڈنگ ہوگی،معاشی نمو کا ہدف 5 فیصد ہے۔انہوں نے کہاکہ قومی ایکسچینج اب ریجنل اسٹاک ایکسچینج بن گیا ہے، پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی کارکردگی خطے میں بہترین قراردی گئی۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج اورچین کی کنسورشیم کے درمیان معاہدہ تاریخی ہے، اسٹاک مارکیٹ کے شعبے میں چینی مہارت اورتجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ متحد ہوکرہی ہرمیدان میں آگے بڑھا جاسکتا ہے، شفافیت اورکرپشن کے خاتمے کے لیے حکومت کوشاں ہے، پاناما کے بعد پاکستانی شہریوں کے گلوبل اثاثوں پر نگرانی شروع کردی ہے۔ ٹیکس چوروں کا مستقبل تاریک ہے،وفاقی وزیرخزانہ نے کہاکہ ملک کا مستقبل روشن ہے، سیاست کے لیے اور بہت چیزیں ہیں، معیشت کے ساتھ سیاست نہ کی جائے۔اسحاق ڈار نے بتایا کہ سی پیک میں سرمایہ کاری کے منصوبوں کی مالیت 46 ارب ڈالر سے بڑھ کر 54 ارب ڈالر ہو گئی ہے۔

ضرب عضب پر 300 ارب روپے خرچ ہوئے جس کے لیے کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلایا۔ انہوں نے کراچی کے امن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی سیکورٹی کی صورتحال اب بہت بہتر ہوچکی ہے، صورتحال بہتر ہوئی ہے،دوست بتاتے ہیں کراچی کی راتیں جاگنے لگی ہیں۔اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر نے کہا کہ چین اورپاکستان کا یہ معاہدہ نئے دور کا آغاز ہے، چینی سفارت خانے کی طرف سے سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہم کندھے سے کندھا ملا کر کام کریں گے۔

تقریب سے گورنر اسٹیٹ بینک، چینی سفیر، چیئرمین چائنا ریگولیٹری کمیشن اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے سربراہان نے بھی خطاب کیا ۔س موقع پرپاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیئرمین منیرکمال،سیکورٹیزایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین ظفرحجازی،پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ڈائیوسٹمنٹ کمیٹی کے چیئرمین شہزادچامڈیااور ایم ڈی پاکستان اسٹاک ایکسچینج ندیم نقوی سمیت پاکستانی ٹریڈرزاورچینی حکام کی ایک بڑی تعدادموجود تھی ۔