چائنیز کنسورشیم اور پی ایس ایکس کے درمیان ایکویٹی کی خریداری کے معاہدے پر دستخط

جمعہ 20 جنوری 2017 18:19

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی موجودگی میں جمعہ کو یہاں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں چائنیز کنسورشیم اور پی ایس ایکس کے درمیان ایکویٹی کی خریداری کے معاہدے پر دستخط ہوئے۔ تاریخی معاہدے پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج ڈائیوسمنٹ کمیٹی کے چیئرمین شہزاد چامڈیا اور کنسورشیم میں شامل چائنیز ایکسچینجز کے چیف ایگزیکٹیوز آفیسرز نے دستخط کئے۔

اس موقع پر چائنا کے سفیر سن ویڈانگ، چائنا فیوچر ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہو ژینگ، شینزن اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وانگ جیان جونگ، اسٹیٹ بینک کے گورنر اشرف محمود وتھرا، پی ایس ایکس کے چیئرمین منیر کمال، پی ایس ایکس کے منیجنگ ڈائریکٹر ندیم نقوی، سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین ظفر الحق حجازی، ٹریڈ ڈولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایس ایم منیر، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر زبیر طفیل بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر خزانہ، چیئرمین پی ایس ایکس، چیئرمین ایس پی سی پی، گورنر ایس بی پی، چائنیز سفیر، سی ای او چائینیز ایکسچینجز نے اپنی گفتگو میں کہا ہے کہ اس معاہدے سے نہ صرف پاکستانی مارکیٹ بلکہ خطے کی مارکیٹ مضبوط ہو گی اور اس سے چین پاکستان اقتصادی راہداری کو بھی مزید تقویت حاصل ہونے میں مدد ملے گی۔