کرپشن کے خلاف مجوزہ قانون منظور نہ ہو سکا تو مشترکہ اجلاس بلا کرمنظور کروائیں گے، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار

جمعہ 20 جنوری 2017 18:17

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے جمعہ کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اس عزم کا دہرایا ہے کہ کرپشن کے خلاف مجوزہ قانون کو پارلیمنٹ سے منظور کر لیا جائے گا اور اگر پارلیمنٹ سے نہ ہو سکا تو مشترکہ اجلاس بلا کرمنظور کروائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں چائنیز کنسورشیم اور پی ایس ایکس کے درمیان ایکویٹی کی خریداری کے معاہدے پر دستخطی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ باوجود اس کے کہ بعض سیاسی جماعتیں اس حوالے سے مشکلات پیدا کر رہی ہیں لیکن حکومت آسانی کے ساتھ بل کو پارلیمنٹ سے منظور کروا لے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم بل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن سے بھی منظور کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کو مجوزہ قانون کے تحت ملک سے باہر اثاثوں کو ظاہر کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں منی لانڈرنگ پر نظر رکھنے کیلئے یہ قانون بہت موثر ہو گا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت اس بات کے لئے پرعزم ہے کہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے معاملات کو صحیح سمت میں لایا جائے۔

متعلقہ عنوان :