ہیپاٹائٹس سینٹر خیرپور میں غیر معیاری ادویات بارے خبروں میں کوئی صداقت نہیں،ترجمان

جمعہ 20 جنوری 2017 18:17

خیرپور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے ’’ہیپاٹائٹس سے پاک سندھ پروگرام‘‘ حیدرآباد کے اعلامیے کے مطابق گزشتہ روز مختلف اخبارات میں ہیپاٹائٹس سینٹر خیرپور سے مریضوں کو غیر معیاری ادویات کی فراہم کرنے کے حوالے سے شائع ہونے والی خبریں سراسر بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔ اعلامیے کے مطابق ہیپاٹائٹس پروگرام کے تحت تمام سینٹرز پر معیاری ادویات فراہم کی جاتی ہیں جس کے خاطر خواہ نتائج حاصل ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق ڈاکٹر عبدالخالق شیخ کی سربراہی میں ہیپاٹائٹس سینٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے جہاں بچوں کو ہیپاٹائٹس سے بچائو کے ٹیکے بھی لگائے گئے ہیں جبکہ دوائوں کی خریداری سے ہیپاٹائٹس پروگرام کا کوئی واسطہ نہیں دوائوں کی خریداری کراچی کی ہوتی ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ ہیپاٹائٹس پروگرام کے تحت خیرپور میں ہیپاٹا ئٹس سی کے 1357 جبکہ بی کے 4964 مریضوں کو رجسٹرڈ کیا گیا جن میں سے ہیپاٹائٹس بی کے 12522 مریضوں اور ہیپاٹائٹس سی کے 3696 مریضوں کو مکمل علاج معالجے کی سہولت فراہم کی گئی جبکہ ہیپاٹائٹس سی کے 561 مریضوںاور 1041 ہیپاٹائٹس بی کے مریضوں کا علاج جاری ہے۔