Live Updates

منی لا نڈرنگ کاالزام، تحریک انصاف نے شہباز شریف کی نااہلی کے لئے ریفرنس دائر کر دیا

ریفرنس میں شریف خاندان سے منسوب شوگر ملز کی منتقلی کو خاندان کیلئے منافع بخش غیر قانونی قدم قرار دیا گیا شہباز شریف نے منی لا نڈر نگ کی، عہدے کا غلط استعمال کیا، حلف کی خلاف ورزی کی‘ محمود الر شید کی دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو

جمعہ 20 جنوری 2017 17:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2017ء) تحریک انصاف نے وزیر اعظم نواز شریف کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف سیاسی محاذ کھول دیا ، شہباز شریف کی نااہلی کے لئے پنجاب اسمبلی میں ریفرنس جمع کرا دیا ۔ شہباز شریف کی نااہلی کے لئے پنجاب اسمبلی میں ریفرنس سپیکر کے اسمبلی سیکرٹریٹ میں نہ ہونے کے باعث سیکرٹری اسمبلی رائے ممتاز کو جمع کرا دیا ۔

اپوزیشن لیڈر محمود الر شید اور پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کے دستخطوں سے ریفرنس دائر کیا گیا ۔ ریفرنس میں شریف خاندان سے منسوب شوگر ملز کی منتقلی کو خاندان کے لئے منافع بخش غیر قانونی قدم قرار دیا گیا۔16 مارچ1999 ء میں لندن کورٹ نے شہباز شریف کے ذمہ ساڑھے سترہ ملین یو ایس ڈالر واجب الادا قرار دئیے ، ریفرنس میں الزام ریفرنس میں التوفیق بینک کے معاملات پر بھی شہباز شریف کو غیر قانونی اقدام کا مرتکب قرار دیا گیا ریفرنس میں سپیکر سے درخواست کی گئی ہے کہ آئین کے آرٹیکل63 کے تحت ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوا یا جائے تاکہ وزیر اعلیٰ کو نا اہل قرار دیا جا سکے ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں میاں محمود الر شید نے پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پابندی اور سپریم کورٹ کی واضح ہدایات کے باوجود اتفاق اور چودھری شوگر ملوں کو منتقل کیا گیا، منتقلی کے اس عمل میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی اور اپنے خاندانی اور ذاتی کو ترجیح دی۔ دوسرا وزیر اعلیٰ پنجاب نے منی لا نڈ ر نگ کے ذریعے رقم لندن بھیجی لہٰذا وزیر اعلیٰ پنجاب صادق اور امین نہیں رہے اور انہوں نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ حلف کی خلاف ورزی کی۔

اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے مزید کہا کہ امید ہے کہ سپیکر تیس دن میں ریفرنس پر فیصلہ کریں گے۔اس موقع پر تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اعجاز چودھری، ڈپٹی اپوزیشن لیڈر سبطین خان، رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر مراد راس، میاں اسلم اقبال، احمد خان بچھڑ، خرم شہزاد، علی سلمان، آصف محمود، احمد علی دریشک، راجہ راشد حفیظ، حجازی خان، سعد یہ سہیل، ڈاکٹر نوشین حامد، نبیلہ حاکم علی، را حیلہ انوار و دیگر انکے ہمراہ تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات