سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری فنڈز کی یو ٹیلائزیشن یقینی بنائیں‘ڈی جی جنگلی حیات

عرصہ سے تعطل کا شکار انکوائریوںکو دو ہفتے میں نمٹا کر رپورٹ کریں،میرٹ اورسنیارٹی پرپورا اترنے والے افسران و اہلکاران کی ترقی کیلئے ورکنگ پیپرتیار کئے جائیں،تمام افسران اپنے معاملات درست کریں،محکمہ کا امیج مزیدبہتر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں 4یوم کے اندرپراونشل ڈیزاسسٹرریسپانس پلان تیار کرکے ہیڈ آفس بھجوائیںورنہ کارروائی ہوگی ‘خالد عیاض خان زیر صدارت اجلاس میں فیصلے

جمعہ 20 جنوری 2017 17:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2017ء) ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے صوبہ بھر کے ریجنل افسران کو سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری سکیموں کو جلد مکمل کرنے اورترقیاتی فنڈز کی یو ٹیلائزیشن یقینی بنانے ،تعطل کا شکار انکوائریوں کو نمٹانے ،زیر التواء مقدمات کی پیروی کرنے اور جلد فیصلوں کیلئے عدالتوں سے قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔

انہوں نے یہ بات یہاں سالانہ ترقیاتی فنڈز کی یو ٹیلائزیشن، انکوائری کیسز اور ملازمین کی ترقیوں کے حوالے سے منعقدہ خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پراعزازی گیم وارڈن پنجاب شاہ رخ بٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف محمد نعیم بھٹی، ڈائریکٹرلاہور چڑیاگھرچودھری شفقت علی،ڈپٹی ڈائریکٹروائلڈلائف سفاری زو سید ظفر الحسن، ڈپٹی ڈائریکٹروائلڈلائف پبلسٹی عامر مسعود ، ڈپٹی ڈائریکٹروائلڈلائف ملتان ڈاکٹر انور حسین ، ڈپٹی ڈائریکٹروائلڈلائف گٹ والافیصل آبادمظہر امتیاز،ڈپٹی ڈائریکٹروائلڈلائف ڈیرہ غازی خان رانا شہباز خان ، ڈپٹی ڈائریکٹروائلڈلائف بہاولپورمحمد ا نور مان ، ڈپٹی ڈائریکٹروائلڈلائف سالٹ رینج ریاض احمد، ڈپٹی ڈائریکٹروائلڈلائف سرگودھا اظہر سعید جنجوعہ اورڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف لاہور/ساہیوال حسن علی سکھیرابھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈی جی جنگلی حیات نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت فنڈز استعمال نہ کرنے والے افسران کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائیگی۔انہوں نے کہاکہ تمام افسران اپنے کام کا طریقہ کار تبدیل کریںاور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر کام کریں ۔انہوں نے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر تیزی سے کام کرنے کے حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف لاہور /ساہیوال حسن علی سکھیرا، ڈپٹی ڈائریکٹرپلاننگ میاں حفیظ احمداور سپر نٹنڈنٹ اکائونٹس شیخ طاہر پر مشتمل ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی ۔

یہ کمیٹی ہر ہفتے اجلاس بلایا کریگی اور متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹرکو سالانہ ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے درپیش مشکلات حل کریگی۔خالد عیاض خان نے تمام افسران پر زور دیا کہ وہ عرصہ سے تعطل کا شکار انکوائریوں کو شفاف طریقے سے دو ہفتے میں نمٹا کر ترقی کے منتظرافسران واہلکاران کی ترقی کی سفارشات تیار کرکے جلد بھجوائیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کے ملازمین کی ترقی کے حوالے سے ایک ہفتہ کے اندر ورکنگ پیپر تیارکریں ۔

انہوں نے کہا کہ افسران غیر قانونی شکارکے حوالے سے عدالتوں میںموجود مقدمات کی پیروی کریں اوران مقدمات کے جلد فیصلہ کیلئے عدالتوں سے قریبی رابطہ رکھیں ۔ڈائریکٹرجنرل جنگلی حیات نے کہا کہ تمام افسران اپنے معاملات کو بہتربنائیںاورمحکمہ کاامیج مزیدبہتر بنانے کیلئے دن رات ایک کردیں۔انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے افسران و اہلکاران کی ہرسطح پرحوصلہ افزائی کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام افسران4یوم کے اندراپنے پر اونشل ڈیزاسسٹر ریسپانس پلان ہیڈ آفس بھجوائیںتاکہ ان کے قابل اطلاق ہونے کا جائزہ لیکراسے حتمی شکل دی جاسکے ۔