وزیر اعلی پنجاب نے نرسوں کو 9ہزار روپے ماہانہ رسک الاؤنس دینے کی منظوری دے دی

جمعہ 20 جنوری 2017 17:43

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے نرسوں کو ماہانہ 9 ہزار روپے رسک الاؤنس دینے کی منظوری دے دی ہے ، نرسوں کو جنوری 2017 سے چار ہزار روپے جبکہ جولائی 2017 سے 9 ہزار روپے ماہانہ رسک الاؤنس دیا جائے گا ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے وزیر اعلی پنجاب کو سمری ارسال کی تھی ،اس سلسلہ میں نرسنگ ایسوسی ایشن کے وفد نے سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ، وفد میں صدر ایسوسی ایشن روزینہ منظور ، جنرل سیکرٹری شہناز اور شہناز ڈار کے علاوہ نرسز کی ایک بڑی تعداد شامل تھی، وفد نے نرسز کو رسک الائونس کی منظوری دینے پر وزیر اعلی محمد شہباز شریف ، وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری نجم احمد شاہ کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کا یقین دلایا کہ تمام نرسنگ کمیونٹی صحت کے شعبہ کی نیک نامی اور دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے پوری لگن کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں گی ، سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے کہا کہ ہسپتالوں میں بستروں کی تعداد کے مطابق یارڈسٹک طے کی جا رہی ہے جس سے ڈاکٹرز کے ساتھ نرسز کی سیٹوں میں بھی مزید اضافہ ہو گا، انہوںنے کہا کہ اصل ہدف مریضوں کے علاج معالجہ کی سہولیات میں اضافہ اور انہیں کوالٹی میڈیکل کور کی فراہمی ہے جس کیلئے تمام اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :