قانون کے طالب علموں کیلئے جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کی زندگی مشعل راہ ہے

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی سعید الزماں صدیقی کے صاحبزادے سے تعزیت

جمعہ 20 جنوری 2017 17:37

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ قانون کے طالب علموں کے لئے جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کی زندگی مشعل راہ ہے۔ گورنر ہائوس سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے گورنر ہائوس میں سابق گورنر سندھ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کے صاحبزادے افنان صدیقی سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اسحاق ڈار نے کہا کہ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی مرحوم ہمارے دیرینہ ساتھی اور پاکستان کے نہایت قابل اور ماہر قانون دان تھے، ان کی وفات سے ملک ایک اچھے قانون دان اورہم اپنے محب وطن ساتھی سے محروم ہو گئے ہیں، ان کی کمی ہمیشہ ہمیں ان کی یاد دلا تی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی مرحوم نے پوری زندگی قانون کی بالادستی کے لئے بے پناہ خدمات سرانجام دیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ انتہائی سادہ طبیعت کے مالک جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی نے ساری زندگی اصولوں کے تحت گذاری، ان کی زندگی قانون کے طالب علموں کیلئے ایک رول ماڈل اور مشعل راہ ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ نے دعا کی اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت، درجات کو سربلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

متعلقہ عنوان :