حلال تحقیقی امور پر بین الاقوامی مرکز اور جنوبی افریقی تحقیقی ادارے کے درمیان معاہدہ

حلال موضوعات پرمذید مشترکہ تحقیق کی جائینگی، آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی

جمعہ 20 جنوری 2017 17:37

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی اور ساوتھ افریقن نشینل حلال اتھارٹی (ایس اے این ایچ ای)، ایسوسی ایٹ پاکستان کے درمیان حلال تحقیقی امور پرایک معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں جس کا مقصد پاکستان میں حلال تجزیاتی سروس کی وسعت کو مزید فروغ دینا ہے جبکہ دونوں اداروں کی سطح پر حلال موضوعات پرمذید مشترکہ تحقیق امور کو فروغ دینا ہے۔

آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوھدری اور ایس اے این ایچ اے ایسوسی ایٹ پاکستان کے سی ای او یوسف عبدالرزاق نے اس تحقیقی معاہدے پر دستخط بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کئے۔

(جاری ہے)

تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال بھنگر، ڈاکٹر غلام مشرف، ڈاکٹر کامران عظیم اور ڈاکٹر شکیل احمد بھی موجود تھے۔

اس موقع پر پروفیسر اقبال چوھدری نے کہا کہ حلال امور میں مشترکہ تحقیقی کاوشوں سے سائنس اور ٹیکنالوجی اور شریعت کو مزید نزدیک لانا ہے جبکہ متعلقہ مسائل پر عوامی آگاہی کے لئے سیمینار اور دیگر معلوماتی نشستوں کا انعقاد کرنا ہے، بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی کے تحت خصوصی حلال تجرباتی لیبارٹری پہلے ہی سے سرگرمِ عمل ہے جہاں پر اس معاہدے کے تحت دیگر قابلِِ بحث حلال تحقیقی موضوعات پر بھی تحقیق کی جائے گی۔

انہوں نے کہا بین الاقوامی مرکز کی یہ تجزیاتی سہولت تجربہ کار اور لائق سائنسدانوں کی زیرِ نگرانی کام کررہی ہے، ان سائنسدانوں میں پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال بھنگر، ڈاکٹر غلام مشرف، ڈاکٹر کامران عظیم اور ڈاکٹر شکیل احمد کے نام شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے کے تحت سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کو حلال اور غیر حلال کے عنوان سے مصنوعات کی صحت کا تعین کرنے کے لئے سائنسی تجزیاتی سہولت فراہم کی جارہی ہے، بین الاقوامی مرکز متعدد سالوں سے ملک میں سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کو سائنسی جانچ پڑتال کی اعلیٰ سہولیات فراہم کررہا ہے۔

واضح رہے کہ ساوتھ افریقن نشینل حلال اتھارٹی بین الاقوامی سطح پر معروف این جی او ہے جو حلال موضوعات پر مسلم اُمہ کا نمائندہ ادارہ ہے۔

متعلقہ عنوان :