پانامہ کیس پاکستانیوں کیلئے اہم ، کسی بڑے آدمی کو سزا ہوگئی تو قانون کی عملداری قائم ہو جائے گی‘ سینیٹر سراج الحق

اچھی قوم بننے کے لیے صاف ستھری قیادت کی ضرورت ہے،ہمارا کیس جھوٹ اورامانت میں خیانت کیخلاف ہے ‘ میڈیا سے گفتگو

جمعہ 20 جنوری 2017 17:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پانامہ کیس پاکستانیوں کے لیے اہم ہے، کسی بڑے آدمی کو سزا ہوگئی تو قانون کی عملداری قائم ہو جائے گی،سب سے پہلے لیڈر کا دیانتدار ہونا ضروری ہے، اگر ایک لیڈر پھسلتا ہے تو ساری قوم پھسلتی ہے، اچھی قوم بننے کے لیے صاف ستھری قیادت کی ضرورت ہے،ہمارا کیس جھوٹ اورامانت میں خیانت کے خلاف ہے ، پاناما سکینڈل میں حکومت بری طرح پھنس گئی ہے سچ کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے، اس کیس کا نتیجہ قوم کے حق میں نکلے گا، بڑے لوگ جب غلطی کرتے ہیں تو کہتے ہیں ہمیں استثنیٰ حاصل ہے۔

پانامہ کیس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پانامہ پیپرز میں جن لوگوں کے نام آئے تھے انہوں نے نہ صرف اپنی قوم سے معافی مانگی بلکہ اپنے عہدوں سے بھی مستعفی ہوئے مگر ہمارے ہاں ایسی کوئی روایت قائم نہیں کی گئی ۔

(جاری ہے)

یہاں غریب سے کوئی معمولی جرم بھی سرزد ہوجائے تو اسے سخت سزائوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور امیر بڑے سے بڑا جرم کرنے کے بعد بھی صاف بچ نکلتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اب اس نظام کو مزید چلنے نہیں دیں گے ۔قانون امیر اور غریب کیلئے ایک ہے ۔انہوں نے کہا کہ ساری دولت پر امیروں کا قبضہ ہے ،امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہورہا ہے ۔اب اس ظلم و جبر اور دولت کی غیر منصفانہ تقسیم کو روکنا اور عام آدمی کو ریلیف دینا ہوگا۔