نجی ٹی وی اینکر شاہد مسعود نے ایف آئی اے انکوائری کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا

جمعہ 20 جنوری 2017 16:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2017ء) سابق ایم ڈی پاکستان ٹیلی ویژن ونجی ٹی وی کے اینکر پرسن شاہد مسعود نے ایف آئی اے انکوائری کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ،درخواست میں ڈی جی ایف آئی اے، ڈپٹی ڈائریکٹر اکنامک کوآپریٹ ونگ اور انویسٹیگیشن آفیسر انسپکٹر طاہر کو فریق بنایا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سابق ایم ڈی پی ٹی وی شاہد مسعود نے ایف آئی اے کی جانب سے ہراساں کرنے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی، درخواست گزار نے موقف اپنایا ہے کہ فروری دو ہزار پندرہ میں ایف آئی اے نے پی ٹی وی کے بعض ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، انکوائری بعد میں بند کر دی گئی تھی تاہم سیاسی انتقام لینے کی خاطر میرے خلاف دوبارہ انکوائری شروع کی گئی ،انکوائری سیاسی با اثرشخصیات کے کہنے پر دوبارہ شروع کی گئی ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت فریقین کو ڈاکٹر شاہد مسعود کے خلاف دوبارہ انکوائری سے روک کر اسے غیر قانونی قرار دے۔