سندھ اسمبلی اجلاس:نصرت سحر عباسی کو چیمبر میں بلانے اور دو معنی جملے کسنے پر ہنگامہ

موسم عاشقانہ ہے ،میرے چیمبر میں آئیں انگلش میں جواب پڑھ کر سنائوں گا،امداد پتافی اپنی ماں بہن کو چیمبر میں بلائیں ،سحر عباسی کا جواب وار:ڈپٹی سپیکر کا سر شرم سے جھگ گیا

جمعہ 20 جنوری 2017 16:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2017ء) سندھ اسمبلی میں صوبائی وزیر کی طرف سے اپوزیشن رکن اسمبلی نصرت سحر عباسی کو چیمبر میں بلانے اور دومعنی جملے کسنے پر ہنگامہ کھڑا ہو گیا ۔اپوزیشن نے وزیر موصوف کے خلاف ہتک عزت کے قانون کے تحت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ وزیر موصوف نے غیر ذمہ دارانہ اور غیر معیاری پارلمانی الفاظ استعمال کئے تو اجلاس کی صدارت کرنے والی خاتون ڈپٹی سپیکر شہلا رضا کا سر بھی شرم سے جھک گیا اور انہوں نے بھی وزیر کو متنبہ کیا کہ یہ مقدس ایوان ہے اس میں دومعنی الفاظ سے کہنے سے گریز کیا جائے۔

وزیر امداد پتافی نے نصرت سحر عباسی کو کہا کہ اکیلے میں میرے چیمبر میں آئیں موسم بھی عاشقانہ ہے اس حالات میں چیمبر میں جواب پڑھ کر سنا دوں گا ۔

(جاری ہے)

سحر عباسی نے کہا کہ وزیر چیمبر میں اپنی ماں اور بہنوں کو بلائیں ۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز سندھ اسمبلی کا اجلاس دس منٹ کے شور شرابے کے باعث ملتوی ہونے کے بعد دوبارہ شروع ہوا تو وزیر ورکس اینڈ سروس گلابی انگلش بولنے سے کتراتے ہوئے اردو میں جواب دینے لگے تو نصرت سحر عباسی نے امداد پتافی سے کہا کہ سوال کا جواب انگلش میں پڑھ کر سنائیں جس پر امداد پتافی آگ بگولا ہو گئے اور نصرت سحر عباسی سے کہا کہ رسی جل گئی مگر بل نہیں گیا آج موسم عاشقہ ہے چیمبر میں آئو وہاں پر تمہیں انگلش میں جواب پڑھ کر سناتا ہوں جس پر نصرت سحر عباسی آگ بگولا ہو گئیں اور ایوان میں شور شرابہ شروع ہو گیا ۔

اس نوک جھونک سے قبل پیپلزپارٹی کے رکن غلام قادر چانڈیو نے سندھ اسمبلی میں بلاول بھٹو کی ریلی میں فیصل آباد میں بجلی بند کرنے کا معاملہ اٹھا یا جس پر پیپلزپارٹی کے ارکان نے ایوان میں کھڑے ہوکر شدید احتجاج کیا۔ایوان میں شور شرابے کے باعث قائم مقام اسپیکر شہلارضا نے اجلاس دس منٹ کے لیے ملتوی کردیا تھا۔

متعلقہ عنوان :