دنیا کی معروف کمپنیوںکے سربراہان نے پاکستان کوسرمایہ کار دوست ملک قرار دے دیا

وزیراعظم محمد نواز شریف کی متحدہ عرب امارات کے ابراج گروپ کے عشائیہ میں بطور مہمان خصوصی شرکت

جمعہ 20 جنوری 2017 16:22

ڈیووس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے متحدہ عرب امارات کے ابراج گروپ کی جانب سے دئیے گئے عشائیہ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع دنیا کی معروف کمپنیوںکے سربراہان نے پاکستان کوسرمایہ کار دوست ملک قرار دیا ہے۔ عشائیہ میں نامور عالمی کمپنیوں بشمول سٹی بنک، یونی لیور، میکنسی اور دیگر کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔

سینئر ایگزیکٹوز نے پاکستان میں موجودہ حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے نتیجہ میں آنے والی مثبت تبدیلی کو پاکستان میں کاروبار کے لئے سازگار قرار دیا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں موجودہ حکومت کی جانب سے سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کی وجہ سے سٹاک مارکیٹ کی سرگرمیوں میں اضافے کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معاشی ترقی کی سب سے اہم وجہ جمہوری حکومت کا استحکام ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی دنیا میں پاکستان کے حوالے سے منفی تاثر کے برعکس پاکستان میں کام کرنے والی کمپنیاں محفوظ اور پرامن ماحول میں کام کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مقامی مارکیٹوں میں ڈیمو گرافک مکس کی وجہ سے بیرونی کمپنیاں اپنی دلچسپی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتی ہیں۔ ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز اور آن لائن مارکیٹنگ بھی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں ترقی اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔