ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے شام عراق سمیت دیگر ممالک میں مداخلت کا ممکنہ خاتمہ مسلم دنیا کے لئے بہتر ہوگا،سینیٹر سراج الحق

جمعہ 20 جنوری 2017 16:17

ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے شام عراق سمیت دیگر ممالک میں مداخلت کا ممکنہ خاتمہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکاکے صدر ڈونلڈ ٹرمپ شام عراق سمیت دیگر ممالک میں مداخلت کو ختم کیا تو یہ مسلم دنیا کے لئے بہتر ہوگا، امریکا کے صدر بدلنے سے اس کی پالیسیاں تبدیل نہیں ہوتیں۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حلف اٹھانے سے امریکا اور پاکستان کے تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

(جاری ہے)

دیکھنے میں ڈونلڈ ٹرمپ جذباتی شخصیت لگتے ہیں لیکن انہوں نے جو اعلانات کئے ہیں کہ امریکیوں کے مسائل حل کئے جائیں گے اس طرف توجہ دیں تو بہتر ہے، باقی دنیا کو اپنے حال پر چھوڑ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر بنیادی طور پر تاجرہیں، وہ ہر معاملے کو نفع اور نقصان کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ اگر وہ شام، عراق سمیت دیگر ممالک میں مداخلت کو ختم کر دیں تو یہ مسلم دنیا کے لئے نیک شگون ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے صدر بدلنے سے ان کی پالیسیاں تبدیل نہیں ہوتیں۔ انہوں نے اپنی پالیسیاں ریسرچ کر کے بنائی ہوتی ہیں، ان کو بدلنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ،امریکی جذبات کی بنیاد پر پالیسیاں نہیں بناتے۔