نائیجریا ،رواں ہفتے پناہ گزینوں کے کیمپ پر بمباری میں 90افراد ہلاک ہوئے ،امدادی تنظیم کی تصدیق

ہلاک شدگان میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل تھے،ڈاکٹرز ودآٹ بارڈرز

جمعہ 20 جنوری 2017 14:29

نائیجریا ،رواں ہفتے پناہ گزینوں کے کیمپ پر بمباری میں 90افراد ہلاک ہوئے ..
ابوجا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جنوری2017ء) بین الاقوامی امدادی تنظیم ڈاکٹرز ودآٹ بارڈرز نے چند روز قبل نائجیریا کی فضائیہ کی طرف سے پناہ گزینوں کے کیمپ پر کیے گئے حملے میں 90افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی، ہلاک شدگان میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل تھے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بین الاقوامی امدادی تنظیم ڈاکٹرز ودآٹ بارڈرز کی طرف سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں نائجیریا کی فضائیہ کی طرف سے پناہ گزینوں کے ایک کیمپ پر کیے گئے ایک حملے میں 90 افراد مارے گئے۔

بتایا گیا ہے کہ ہلاک شدگان میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل تھے۔ یہ پناہ گزین بوکو حرام کی شدت پسندی کی وجہ سے اس کیمپ میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے تھے۔ ابوجا حکومت نے کہا ہے کہ اس فضائی حملے کی وجوہات جاننے کے لیے مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ نائجیریا کی فضائیہ نے بوکوحرام کے شبے میں پناہ گزین کیمپ پر بمباری کردی تھی ۔نائجیریا کی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ سرکاری فضائیہ نے ملک کے شمال مشرقی علاقے رن میں حادثاتی طور پر حملہ کرکے متعدد عام شہریوں کو ہلاک اور زخمی کردیا ہے۔

یہ حملہ نائجیریا اور کیمرون کی سرحد کے قریب کیا گیا جہاں فوج بوکوحرام کے جنگجووں سے لڑ رہی ہے۔ فوج کے ترجمان میجر جنرل لکی ارابور نے کہا کہ جیٹ طیارے کے ہواباز نے غلطی سے سمجھ لیا کہ وہ جنگجووں کو نشانہ بنا رہا ہے۔نائجیریا کے صدر محمد بخاری نے اس جانی نقصان پر اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لوگوں سے صبر کی درخواست کی ہے۔

متعلقہ عنوان :