وکلاء کی سوسائٹی کے لئے اراضی حاصل کرنے کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل کیا جائے گا‘ عوام سے زیادتی نہیں ہونے دیں گے، طارق فضل چوہدری

جمعہ 20 جنوری 2017 14:17

وکلاء کی سوسائٹی کے لئے اراضی حاصل کرنے کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل ..
اسلام آباد ۔20جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ وکلاء کی سوسائٹی کے لئے اراضی حاصل کرنے کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل کیا جائے گا‘ عوام سے زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران سینیٹر کلثوم پروین نے عوامی اہمیت کے معاملے پر کہا کہ کسی کی ذاتی زمین کیسے چھینی جاسکتی ہے‘ سی ڈی اے وکلاء کے لئے کسی کی ذاتی زمین کیسے زبردستی حاصل کر سکتی ہے، اس معاملے پر خون خرابہ بھی ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت ڈاکٹر طارف فضل چوہدری نے کہا کہ جونکتہ اٹھایا گیا ہے اس سے اتفاق کرتا ہوں‘ سیکشن فور تمہ موریاں اور ملوٹ کے لئے لگایا گیا تھا۔ وزیر داخلہ نے صورتحال پوچھی تھی۔ سپریم کورٹ کے وکلاء کے پیش ہونے کے بعد عدالت کے حکم پر سیکشن فور لگایا گیا ہے،ہم نے خود نہیں لگایا۔ سیکشن فور ہسپتال یا سکول کے لئے زمین حاصل کرنے کے لئے لگایا جاسکتا ہے، ہم عوام کے ساتھ ہیں ان کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔وزیرمملکت نے کہاکہ ہم مسئلے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے بھی اس مسئلے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔