سعودی عرب میں کام کر نے والے 26لاکھ پاکستانیوں میں سے صرف 8 ہزار کارکنوںکو مسائل کا سامنا کرنا پڑا‘ ان کے مسائل کے حل کے لئے حکومت نے مستعدی سے اقدامات کئے، وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کا ایوان بالا میں جواب

جمعہ 20 جنوری 2017 13:09

اسلام آباد ۔20جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں کام کر نے والے 26لاکھ پاکستانیوں میں سے صرف 8 ہزار کارکنوںکو مسائل کا سامنا کرنا پڑا‘ ان کے مسائل کے حل کے لئے حکومت نے مستعدی سے اقدامات کئے۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر اعظم سواتی کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے بتایا کہ سعودی عرب میں 2.6 ملین سے زیادہ پاکستانی ہیں، حالیہ واقعات میں متاثر ہونے والوں کی تعداد 8 ہزار سے زیادہ نہیں ہے، پاکستانیوں کی تعداد کے تناظر میں صورتحال سے متاثر ہونے والوں کی شرح کافی کم ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی ورکرز کے مسائل کو سعودی حکام کے سامنے اٹھایا گیا ہے اور ان کی معاونت کی گئی ہے تاکہ نادہندہ کمپنیوں سے اپنی رقوم کی بازیابی کے لئے قانونی چارہ جوئی کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مشن نے 2200 مزدوروں کو دوسری کمپنیوں میں ملازمت حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی۔ تقریباً 3200 ورکرز نے فائنل ایگزٹ حاصل کرنا چاہا ان کی پاکستان جلد واپسی کے لئے مفت واپسی کی سہولت فراہم کی گئی ، تقریباً 2100 متاثرہ ورکرز کو عدالتوں میں مقدمات دائر کرنے کے لئے سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ اس کے علاوہ ان کو دیگر کمپنیوں میں جانے یا واپس آنے کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے۔