ہیپاٹائٹس سی کی دوا سوالڈی کی قیمت کو 28 ہزار روپے سے کم کر کے 4ہزار پر لایا گیا ہے، سینیٹر ساجد طوری

جمعہ 20 جنوری 2017 13:07

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) سینیٹر ساجد طوری نے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس کی ادویات کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی ہے۔ ڈریپ میںبعض لوگ عوام کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دے رہے ہیں۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی کی ادویات کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پہلے سوالڈی کی قیمت 28 ہزار روپے تھی جسے کم کر کے چار ہزار پر لایا گیا ہے۔ جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں مزید کمی کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی میں بعض لوگ باہر سے ادویات منگوا کر اپنی مرضی کی قیمتیں لگاتے ہیں،ان بے قاعدگیوں کو سامنے لایا جائے گا اور ان کی من مانی کو ختم کرنے کے لئے گزشتہ دو سالوں سے کوششیں کر رہے ہیں۔