داخلی منگولیا کے ثقافتی طائفہ کا اسلام آباد میں فن کی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ

ثقافتی طائفہ کی کارکردگی پاکستان کے عوام کیلئے خیرسگالی کا پیغام ہے ، تقریب سے چینی سفیر کا خطاب

جمعہ 20 جنوری 2017 12:17

داخلی منگولیا کے ثقافتی طائفہ کا اسلام آباد میں فن کی شاندار کارکردگی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جنوری2017ء) چینی علاقہ داخلی منگولیا کے ایک ثقافتی طائفہ نے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں گذشتہ رات کے یہاں فن کا شاندار مظاہرہ کیا جو کہ چین کے مالا مال فنون لطیفہ اور ثقافت کا مظہر تھا ، چین کے نئے سال کے آغاز کے موقع پر چینی ثقافتی کارکردگی سے لطف اندوز ہونا مقامی لوگوں کیلئے ایک غیر معمولی موقع تھا۔

اس تقریب کا اہتمام چینی سفارتخانے نے پاکستان کی وزارت اطلاعات و نشریات اور قومی ورثہ کے تعاون سے کیا ، پاکستان میں متعینہ چینی سفیر سن وی ڈونگ، سینیٹ کے ڈپٹی چیئر مین مولانا عبد الغفور حیدری ، قومی سلامتی کے بارے میں وزیر اعظم کے مشیر لیفٹنینٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ اور سینیٹر مشاہد حسین سید نے تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ ثقافتی طائفہ کا فن کا مظاہرہ پاکستان کے عوام کیلئے خیر سگالی کا پیغام ہے ۔

انہوں نے تقریب کے اہم پہلوئوں پر روشنی ڈالی ، عالمی اقتصادی فورم میں چین کے صدر شی چن پھنگ کی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس نے مشترکہ تقدیر اور مساوی بنیادوں پر سماجی اقتصادی ترقی کی تعمیر کیلئے دنیا کی توجہ مبذول کی ہے ۔ انہوں نے چین اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کا بھی ذکر کیا اور اس ضمن میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کا خصوصی حوالہ دیا جو کہ ایک بیلٹ ایک روڈ کا پرچم بردار منصوبہ ہے ، ثقافتی طائفہ نے سولو رقص ، کرتب اور موسیقی کے آلات پر ثقافتی فن کا مظاہرہ کیا ،سامعین نے بانسری پر سولو پرفارمنس میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا ،ہیلو کے عنوان سے خواتین گروپ کے رقص میں منگولیا کی خواتین کی صفات کا مظاہرہ کیا گیا ، مردوں کے گروپ کے رقص میں منگولیا کے قبیلہ چاہر کے جنگجوئوں کے دلیرانہ جذبے کی عکاسی کی گئی ، چینی جشن بہاراں کے آغاز کا تعارف کراتے ہوئے چینی سفارتخانے کے ثقافتی کونسلر یو یی نے کہا کہ روسٹر کا چینی سال ذہانت ، خوشحالی اور تقدس کی علامت ہے۔

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آنیوالے سال میں دونوں دوست ممالک میں رہنے والے عوام کے معیار زندگی میں کامیابی ،ہم آہنگی اور بہتری آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ ثقافتی سرگرمیوں نے چین اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی بہتری میں اہم کردار ادا کیا ہے اور انہیں امید کا اظہار کیا کہ جشن بہاراں کے بارے میں تقاریب سے چینی مالا مال ثقافتی اور فنکارانہ صلاحیت کو مزید سمجھنے کے بارے میں پاکستانیوں کو موقع فراہم ہو گا ۔

متعلقہ عنوان :