کراچی ، اسٹیل ٹاؤن میں لنک روڈ سے 4 تشدد زدہ لاشیں برآمد،شناخت کیلئے ہسپتال منتقل

مقتولین کی آنکھوں پرپٹیاں بندھی ہوئی تھیں، قریب سے گولیاں مارکر قتل کیا گیا،تین کی لمبی اور ایک کی چھوٹی داڑھی ہے، ایک کی بائیں ٹانگ مصنوعی ہے، ایس ایس پی ملیر

جمعہ 20 جنوری 2017 11:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جنوری2017ء) کراچی میں اسٹیل ٹاؤن میں لنک روڈ سے 4 افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد کرلی گئیں جنہیں شناخت کے لئے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن میں عیسب جوکھیوگوٹھ کے قریب لنک روڈ پرواقع ایک خالی پلاٹ سے 4 افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس نے چاروں لاشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا ہے جب کہ موقع سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیشی عمل بھی شروع کردیا گیا جن افراد کی لاشیں ملی ہیں ان کی عمریں 35 سے 40 سال کے درمیان بتائی جارہی ہیں۔

ایس ایس پی ملیرراؤ انوارنے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ چاروں لاشوں کی آنکھوں پرپٹیاں بندھی ہوئی تھیں، ان کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی ہیں تاہم انہیں قریب سے گولیاں مارکر قتل کیا گیا ۔ ایس ایس پی راؤ انوار کے مطابق مقتولین میں تین کی لمبی اور ایک کی چھوٹی داڑھی ہے جبکہ ایک فرد کی بائیں ٹانگ مصنوعی ہے۔ چاروں افراد کی آنکھوں پر پٹیاں بندھی ہوئی تھیں۔ پولیس نے علاقے میں پہنچ کر جائزہ لیا اور مزید تفتیش شروع کر دی۔

متعلقہ عنوان :