وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کی او آئی سی کے سیکرٹری جنرل یوسف ال اوتھیمی سے ملاقات،مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا

جمعہ 20 جنوری 2017 11:06

وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز  کی او آئی سی کے سیکرٹری ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے جمعرات کو ملائشیاء کے دارالحکومت کوالالمپور میں او آئی سی کے وزراء خارجہ کی کونسل کے غیرمعمولی اجلاس کے موقع پر او آئی سی کے سیکرٹری جنرل یوسف ال اوتھیمی سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کی ہدایات کے تحت او آئی سی کے آزادانہ انسانی حقوق کمیشن کا ایک وفد اس سال مارچ میں آزاد جموں وکشمیر کا دورہ کرے گا۔

(جاری ہے)

او آئی سی بھارت سے بھی درخواست کررہی ہے کہ وفد کو مقبوضہ جموں وکشمیر کے دورہ کی اجازت دی جائے۔ وزیراعظم کے مشیر نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور برہان وانی کی شہادت کے بعد گزشتہ پانچ ماہ کے دوران کشمیری نوجوانوں کے جذبہ حریت سے آگاہ کیا۔ مشیر نے او آئی سی کے خارجہ وزراء کونسل کے غیرمعمولی اجلاس کے انعقاد پر سیکرٹری جنرل سے اظہار تشکر کیا۔