برفباری سے بند ہونے والی شاہراہوں کو کھول دیاگیا،رابطہ سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے، برفباری میں پھنسے ہوئے افراد تک رسائی ممکن بناکر انہیں امدادی سامان پہنچایا جارہا ہے،صوبائی وزیر داخلہ و پی ڈی ایم اے میر سرفراز بگٹی

جمعرات 19 جنوری 2017 23:28

کوئٹہ۔19جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) صوبائی وزیر داخلہ و پی ڈی ایم اے میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ برفباری سے بند ہونے والی شاہراہوں کو کھول دیاگیا ہے رابطہ سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے برفباری میں پھنسے ہوئے افراد تک رسائی ممکن بناکر انہیں امدادی سامان پہنچایا جارہا ہے ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری امداد وبحالی کی سرگرمیوں کی ذاتی طور پر نگرانی کررہے ہیں اور وہ خود وزیراعلیٰ کی ہدایت کی روشنی میں بذریعہ ہیلی کاپٹر متاثرین تک پہنچ کر ان کیلئے خوراک، کمبل اور خیمے لے کر آئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید سکندر آباد اور خالق آباد کے دورے کے موقع پر مقامی لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اور ان میں امدادی سامان بھی تقسیم کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ ابھی تک زمینی رسائی ناملنے والے علاقوں میں بذریعہ ہیلی کاپٹر جبکہ دیگر علاقوں میں بذریعہ سڑک امدادی سامان پہنچایا جارہا ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ یہ پہلی صوبائی حکومت ہے جس نے برفباری کے دوران فوری طور پر امدادی سرگرمیوں اور بند شاہراہوں کو بحال کرنے کا کام شروع کیا متعلقہ ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرزاور پی ڈی ایم اے کا عملہ 24گھنٹے بند شاہراہوں پر موجود رہ کر بحالی کی سرگرمیوں کی نگرانی کرتا رہا انہوں نے کہا وزیراعلیٰ نے امدادی کاموں کیلئے فوری طور پر 15کروڑ روپے کی خطیر رقم کا اجراء کیا ہے جس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی اس کے ساتھ ساتھ متاثرہ اضلاع میں ہنگامی صورتحال کا نفاذ بھی کردیاگیا ہے ۔

اس موقع پر مقامی افراد نے فوری امداد اور معاونت پر صوبائی حکومت کا شکریہ اداکیا۔ واضح رہے کہ صوبائی وزیر کے ہمراہ امدادی سامان کے 4ہیلی کاپٹر بھی تھے جبکہ متاثرہ علاقوں میں بذریعہ سڑک بھی امدادی سامان کی ترسیل جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :