دہشتگردوں کے ساتھ کھلی جنگ ہے انہیں ہر صورت شکست دیکر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے امن و استحکام، آئین و قانون اور حکومتی عملداری کے قیام کو ہر صورت یقینی بنائیں ،وزیراعلیٰ بلوچستان

جمعرات 19 جنوری 2017 23:28

کوئٹہ۔19جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے ساتھ کھلی جنگ ہے انہیں ہر صورت شکست دیکر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے امن و استحکام ، آئین و قانون اور حکومتی عملدراری کے قیام کو ہر صورت یقینی بنائیں ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی،صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال، صوبائی مشیر محمد خان لہڑی، سیکرٹری داخلہ اکبر حریفال، آئی جی پولیس احسن محبوب، ترجمان حکومت بلوچستان انوار الحق کاکڑ اور وزیراعلیٰ کے سیاسی مشیر جمال شاہ کاکڑ بھی اجلاس میں شریک تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں گذشتہ دنوں کوئٹہ میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ کا جائزہ بھی لیاگیا۔

آئی جی پولیس نے واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے واقعہ میں ملوث دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے اب تک کی پیشرفت اور ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے لائحہ عمل سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پولیس اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ قطعی طور پر ناقابل برداشت ہے اور وہ اس میں ملوث عناصر کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں دیکھنا چاہتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ دہشتگردوں ، شرپسندوں ، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کے خلاف بھرپور قوت سے کاروائی کرکے انہیں واضح پیغام دیا جائے کہ بلوچستان میں ان کیلئے کوئی جائے پناہ نہیں اور ان کا آخری حد تک پیچھا کرتے ہوئے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت ہاتھ پے ہاتھ دھرے نہیں بیٹھی ہم عوام کے جان و مال کے تحفظ کی اپنی ذمہ داریوں سے نہ صرف بخوبی آگاہ ہیں بلکہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھنکنے کیلئے پر عزم بھی ہیں اور تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری فورسز جرات اور بہادری کے ساتھ ایک قدم آگے بڑھ کر دہشت گردوں کا مقابلہ کررہی ہیں جس سے عوام میں احساس تحفظ پیدا ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ حکومتی کوششوں اور سیکورٹی فورسز کی قربانیوں سے صوبے میں پید اہونے والے امن واستحکام کو ہرگز خراب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اجلاس میں امن وامان کی صورتحال کی مزید بہتری کیلئے بعض اہم فیصلے بھی کئے گئے جن میں دہشتگردوں کے خلاف سرچ آپریشنزاور دیگر کاروائیوں کا دائرہ کار مزید وسیع کرنا بھی شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :