بلاول بھٹو زرداری نے لاہور سے فیصل آباد تک اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کے زیر استعمال رہنے والے ٹرک پر ریلی کی قیادت کی

جمعرات 19 جنوری 2017 23:12

بلاول بھٹو زرداری نے لاہور سے فیصل آباد تک اپنی والدہ بے نظیر بھٹو ..

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) پی پی پی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے جمعرات کے روز لاہور سے فیصل آباد تک ریلی کے دوران اپنی والدہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے زیر استعمال رہنے والے ٹرک پر ریلی کی قیادت کی جبکہ اس موقع پر پی پی پی کے کئی دیگر اہم ترین مرکزی و صوبائی پارٹی قائدین بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے ریلی کی اجازت دیتے ہوئے اس کی بھر پور سکیورٹی کو یقینی بنایا گیا تھا۔ریلی کا آغاز جمعرات کی دو پہر بلاول ہائوس لاہور سے ہوا اور ریلی موٹر وے سے فیض پور انٹر چینج ، کوٹ عبدالمالک، شیخوپورہ ،شاہکوٹ سے فیصل آباد پہنچی ۔فیصل آباد ریلی میں فیصل آباد کے علاوہ جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ ، سرگودھا ، میانوالی ، خوشاب ، قصور ، اوکاڑہ ، پاکپتن ، گوجرانوالہ ، گجرات ، منڈی بہائو الدین ، سیالکوٹ ، نارووال سے بھی پی پی پی کے قائدین اور کارکنان کے قافلوں نے بھاری تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ریلی کی فیصل آباد آمد کے موقع پر جلوس کے راستوں میں صفائی کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔اس موقع پر الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے صحافیوں کی بہت بڑی تعداد بھی ریلی کی کوریج کیلئے موجود رہی۔پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی آمد کے موقع پر نواحی علاقہ بلوچنی میں سابق ضلعی صدر طارق باجوہ نے استقبالیہ کیمپ لگایا اور ریلی کا استقبال کیا، گٹ والا میں سابق ضلعی صدر رانا مشتاق خان جبکہ کینال روڈ پر ٹریٹ پل کے قریب سابق ایم پی اے نور النساء ملک سمیت خواتین کارکنوں کی جانب سے لگائے گئے استقبالیہ کیمپ پر بلاول بھٹو زرداری اور ریلی کے شرکاء کا استقبال کیا گیا جہاں پر پارٹی چیئر مین کو نور النساء ملک نے پنجاب کی روائتی پگ پہنائی۔

بلاول بھٹو زرداری کی ریلی کے ہمراہ فیصل آباد آمد کے موقع پر جگہ جگہ لگائے گئے استقبالیہ کیمپوں میں پیپلز پارٹی کے ترانے بجائے جاتے رہے جہاں مرد و خواتین کار کنان کی بڑی تعداد پارٹی ترانوں پر جھومتی رہی۔اس موقع پر ضلع کونسل چوک کو بھی جلسہ کیلئے خصوصی طور پر سجایا گیا تھا جہاں مقامی قائدین کی طرف سے بڑے بڑے خیر مقدمی بینرز ، فلیکسز ، ہورڈنگز بھی نصب کئے گئے تھے۔

پیپلز پارٹی کی ریلی کی جی ٹی روڈ سے کھرڑیانوالہ ، گٹ والا ، کینال روڈ ،اسٹیشن چوک ، چناب کلب چوک ، ہلال احمر چوک سے ضلع کونسل چوک آمد کے تمام راستوں پر تمام دن کارکنان اور قائدین کی گاڑیاں فراٹے بھرتی نظر آئیں جس سے کئی مقامات پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی اور شہریوں کو سخت مشکل و پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری کی ذاتی خصوصی سکیورٹی ٹیم نے شہر کے تمام راستوں کا جائزہ لیا اور ا سکی روشنی میں حفاظتی اقدامات یقینی بنائے۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے قائدین کی طرف سے اپنے مقامی عہدیداران و کارکنان کو سختی سے روکا گیا تھا کہ وہ ریلی کے شرکاء کی کسی شر انگیزی یا دل آ زار سرگرمی کا جواب نہ دیں تاکہ امن وامان میںخلل نہ پڑ سکے۔