12 ارب روپے کا کسان پیکج وزیر اعلیٰ پنجاب کی کسان دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ نعیم خان

جمعرات 19 جنوری 2017 23:11

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) صوبائی وزیر زراعت پنجاب محمد نعیم اختر بھا بھہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف صوبہ بھر کے کسانوں کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں جس کیلئے ان کی قیادت میں حکومت پنجاب بھرپور عملی اقدامات اٹھارہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں اپنا لوہا منوایا ہے جس کی وجہ سے دنیا کے اکثر ممالک نے ان کو ’’مین آف دی ایکشن‘‘ کا لقب دیا ہے۔

پنجاب حکومت کسانوں کو خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے کیلئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ 212 ارب روپے کا کسان پیکج وزیر اعلیٰ پنجاب کی کسان دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پنجاب سیڈ کارپوریشن 40 سال سے ملک بھر کے کسانوں اور زمینداروں کو سستے داموں معیاری بیج فراہم کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے پنجاب سیڈ کارپوریشن پروسیسنگ پلانٹ پیرووال پر منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا۔

تقریب میں رکن قومی اسمبلی محمد خان ڈاہا، ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن پروسیسنگ پلانٹ زاہد اسحاق، ڈائریکٹر زراعت ملتان رانا احمد منیر، ڈائریکٹر واٹرمینجمنٹ انجینئر محمد ظفر اللہ سندھو، انجینئر پی ایس سی پلانٹ پیرووال انجینئر محمد حارث عبداللہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی اطلاعات ملتان نوید عصمت کاہلوں سمیت رانا افتخار احمد، سجاد بورانہ، تاج محمد بورانہ اور دیگر کاشتکاروں و سی بی اے پی ایس سی عہدیداران صدر فیڈریشن رائو مشتاق احمد، غلام مصطفیٰ، طارق عزیز، میڈیا نمائندگان اور پی ایس سی ورکروں کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔

صوبائی وزیر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے کسانوںکو عام مارکیٹ میں سستے اور معیاری بیج فراہم کرنے اور کڑی نگرانی کیلئے ڈیلروں کی رجسٹریشن شروع کردی ہے تاکہ کاشتکاروں کو معیاری بیج کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کومزید منافع بخش ادارہ بنایا جائے گا اس کے ورکر پنجاب سیڈ کارپوریشن کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

میرے دروازے ان ورکروں کیلئے ہمہ وقت کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کے موجودہ پروسیسنگ پلانٹ کو اپ گریڈ کرنے کی بجائے جدید پروسیسنگ پلانٹ لگایا جائے گا تاکہ معیاری بیج کی پیداوار میں اضافہ کیا جاسکے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ معیاری اور اعلیٰ کوالٹی کے بیج سے ہم اپنے مطلوبہ پیداواری اہداف حاصل کرسکتے ہیں۔ ایم این اے محمد خان ڈاہا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ٹیکسٹائل کی ایکسپورٹ بڑھانے میں پنجاب سیڈ کارپوریشن کا بہت اہم کردار ہے کیونکہ پی ایس سی کے فراہم کردہ معیاری بیج سے کپاس کی پیداوار بڑھانے میں بھرپور مدد ملی۔

انہو ںنے مزید کہا کہ ایک دور تھا کہ پی ایس سی کا بیج خریدنے کیلئے سفارشیں کروانی پڑتی تھیں جوکہ اس کے معیار اور اعلیٰ کوالٹی کی ضمانت تھی۔ بیج کا وہ اعلیٰ معیار اب دوبارہ لاکر مزید کپاس کی پیداوار میں بہتری لائی جائے گی۔ ڈائریکٹر پروسیسنگ پلانٹ پیرووال زاہد اسحاق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن 40 سال سے صوبہ بھر کے کسانوں اور کاشتکاروں کو معیاری اور سستا بیج فراہم کر رہا ہے۔

رجسٹرڈ گروورز اور سیڈ کارپوریشن کے ملازمین کی انتھک محنت سے یہ سب کچھ ممکن ہوا اور پنجاب سیڈ کارپوریشن نے اپنا نام پیدا کیا۔ اس موقع پر پنجاب سیڈ کارپوریشن سی بی اے یونین عہدیداران رائو مشتاق احمد، غلام مصطفی اور طارق عزیز سمیت دیگر ورکروں نے اپنے مطالبات پیش کیے جس پر صوبائی وزیر نے ان کے مطالبات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نعیم اختر بھا بھہ نے پلانٹ ہذا پر کام کے دوران ایک آنکھ ضائع ہونے والے کارکن کو پنجاب سیڈ کارپوریشن کی طرف سے 1لاکھ 60 ہزار روپے کا چیک دیا۔ قبل ازیں صوبائی وزیر نے ایم این اے محمد خان ڈاہا کے ہمراہ پروسیسنگ پلانٹ پیرووال کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :