سندھ اسمبلی میں ممتاز قوم پرست لیڈر سائیں جی ایم سید کی 113 ویں یوم ولادت اور فاضل راہو کی 30 برسی پر خراج عقیدت کی قرارداد متفقہ طور پر منظور

جمعرات 19 جنوری 2017 21:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2017ء) سندھ اسمبلی نے جمعرات کو ممتاز قوم پرست لیڈر سائیں جی ایم سید کے 113ویں یوم ولادت اور معروف ہاری لیڈر فاضل راہو کی 30ویں برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ قرارداد مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی اور شہید فاضل راہو کے صاحبزادے محمد اسماعیل راہو کی جانب سے پیش کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

قرارداد میں دونوں رہنمائوں کی سیاسی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سائیں جی ایم سید نے سندھ اسمبلی میں پاکستان کی قرارداد پیش کی جسکے نتیجے میں پاکستان کا قیام ممکن ہوا اور اسی طرح فاضل راہو شہید نے اپنی پوری زندگی سندھ کے پسے ہوئے عوام کے حقوق اور جمہوریت کی بحالی کے لئے جدوجہدکرتے ہوئے گزاری جس پر یہ ایوان ان دونوں رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔ وزیر پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو کا کہنا تھا کہ یہ دونوں اتنے بڑے نام ہیں کہ اس حوالے سے قرارداد ضرور منظور کی جانی چاہیے۔