لاہور،سپریم کورٹ رجسٹری میں تیس ہزار لٹر شراب کی برآمد کے مقدمے میں ملوث مبینہ شراب فروش کی ضمانت منظور

5لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم

جمعرات 19 جنوری 2017 21:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جنوری2017ء) صوبائی دارالحکومت میں سپریم کورٹ رجسٹری نے تیس ہزار لٹر شراب کی برآمد کے مقدمے میں ملوث مبینہ شراب فروش کی ضمانت منظور کرتے ہوئے اُسے 5لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس منظور احمد ملک کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے شراب فروش عبدالمالک کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شفیق آباد پولیس نے جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا ہے جبکہ واقعہ کا کوئی عینی شاہد موجود نہیں ہے۔ عدالت نے شراب کے نمونوں کو ٹیسٹ نہ کروانے پر ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل مظہر شیر اعوان پر اظہار برہمی کرتے ہوئے استفسار کیا کہ تفتیش میں قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔ شراب کے نمونوں کے ٹیسٹ کیوں نہیں کرائے گئے۔ کیا پولیس اور پراسیکیوشن نے تفتیش کی کہ اتنی مقدار میں شراب کہاں سے آئی۔ پولیس کے مطابق تفتیش مکمل ہو چکی ہے۔ عدالت نے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد ملزم عبدالمالک کی 5 لاکھ مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہائی کا حکم دیا ہے۔ (سعید)

متعلقہ عنوان :