ڈرگ ٹیسٹنگ لیب لاہور کا تمام پرانا عملہ فارغ ،لیب کو دنیا کی بہترین لیبارٹری بنانے کیلئے نیا عملہ تعینات

لیب میں سابقہ عملے کی ملی بھگت سے ادویات کے نمونوں کی مرضی سے رپورٹیں تیار ہوتی تھیں :شہباز شریف ماضی کا گلا سڑا اور کرپشن زدہ نظام دفن کر دیا ہے ، پنجاب سے ایسے تمام بوسیدہ اورفرسودہ نظام بدلیں گے نئے عملے کو پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی سے تربیت دلائی گئی ہے ، بیرون ملک سے بھی انہیں تربیت دلائی جائے گی

جمعرات 19 جنوری 2017 21:48

ڈرگ ٹیسٹنگ لیب لاہور کا تمام پرانا عملہ فارغ ،لیب کو دنیا کی بہترین ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے آج یہاں ایک اعلی سطح کے اجلاس میں صوبے کے عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی اورجعلی و غیر معیاری ادویات کی روک تھام یقینی بنانے کیلئے اہم اقدامات کئے ہیں جس کے تحت ڈرگ ٹیسٹنگ لیب لاہور کے تمام پرانے عملے کو فارغ کر دیا گیاہے اور ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کو دنیا کی بہترین لیبارٹری بنانے کیلئے تمام نیا عملہ تعینات کر دیا گیا ہے -ڈرگ ٹیسٹنگ لیب لاہور میں نئے ڈائریکٹر ڈاکٹر شفیق الرحمن کو بھی تعینات کر دیا گیا ہے - وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اس حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈرگ ٹیسٹنگ لیب لاہور میں سابقہ عملے کی ملی بھگت سے ادویات کے نمونوں کی مرضی سے رپورٹیں تیار ہوتی تھیںاورہم نے ماضی کا یہ گلا سڑااور کرپشن زدہ نظام دفن کر دیا ہے اور پنجاب میں ایسے تمام بوسیدہ اور گلے سڑے نظام کو بدلیں گی- انہوںنے کہا کہ ڈرگ ٹیسٹنگ لیب سے تمام پرانے عملے کو نکال کر نئے عملے کو تعینات کر کے نئی بنیاد رکھ دی ہے جس سے صوبے کے عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے میں بے پناہ مدد ملے گی-وزیر اعلی نے کہا کہ نئے عملے کو پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی سے تربیت دلائی گئی ہے جبکہ ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کے ڈائریکٹر سمیت نئے عملے کو شفاف طریقے سے میرٹ پربھرتی کیا گیا ہے -وزیر اعلی نے لیب کے نئے ڈائریکٹر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آپ کو انتہائی اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے لہذا میں امید کرتا ہوں کہ آپ محنت، دیانت اور ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں گے -وزیر اعلی نے کہا کہ عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی کے حوالے سے ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کا کردار انتہائی اہم ہے -ماضی میں یہاں تعینات سابقہ عملے نے ملی بھگت اور کرپشن کے ذریعے عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالی تا ہم اب نئے نظام کے تحت کوئی ملی بھگت نہیں ہو سکے گی اور میں ذاتی طور پر مفاد عامہ کے اس اہم ترین منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لے رہا ہوں- انہوںنے کہا کہ ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کا براہ راست تعلق انسانی زندگیوں سے ہے اور اس لیب کو دنیا کی بہترین لیب بنائیں گے - وزیراعلی نے ڈرگ ٹیسٹنگ لیب لاہور کے توسیعی منصوبے کی بھی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ توسیعی منصوبے کے لئے آئندہ چند روز میں حتمی پلان مرتب کر کے پیش کیا جائی- آنے والے وقتوں میں ڈرگ ٹیسٹنگ لیب لاہور معیاری ادویات مہیا کرنے کے عظیم مشن میں ایک سنگ میل ثابت ہو گی-انہوںنے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ایک عبادت ہے - غیرمعیاری ادویات کی تیاری و فروخت کے دھندے کے خاتمے کے مشن کو ایک عبادت سمجھ کر آگے بڑھانا ہے - انہوںنے کہا کہ نئے عملے کو تربیت کیلئے بیرون ملک بھی بھجوایا جائے گا-وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ ڈرگ ٹیسٹنگ لیب میں تمام ضروری حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے اورویجیلنس اور مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کیا جائے -وزیر اعلی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں ڈرگ ٹیسٹنگ لیب لاہور کو جدید ترین لیب بنانے کے حوالے سے پیشرفت کا جائزہ لیا گیاجس میں برطانیہ کی ایل جی سی لیب کے ماہرین نے بھی شرکت کی-ایل جی سی لیب کے وفد میں سینئر سائنسدان ایلن ہینڈلے (Mr.Alan Handley)اورفلپس سٹیفورڈ(Mr.Philips Stafford) شامل تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر،مشیر ڈاکٹر عمر سیف،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ،وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجو د تھے ۔

متعلقہ عنوان :