سی ڈی اے انتظامیہ نے واضح احکامات کے باوجود پولیو ڈیوٹی نہ کرنے والے ملازمین کیخلاف کاروائی کا آغاز کر دیا

جمعرات 19 جنوری 2017 21:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جنوری2017ء) سی ڈی اے انتظامیہ نے واضح احکامات کے باوجود پولیو ڈیوٹی ادا نہ کرنے والے ملازمین کے خلاف کاروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ مذکورہ ملازمین نے سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 16 جنوری سے 19 جنوری تک اسلام آباد میں ہونے والی پولیو مہم کے دوران ڈیوٹی سر انجام نہیں دی ۔ میئر اسلا م آباد و چیئرمین سی ڈی ا ے شیخ انصر عزیز نے سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کاروائی کرنے کی ہدایت کی تھی ۔

میئر اسلام آباد چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن محمد یاسر پیر زادہ نے سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کاروائی کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

(جاری ہے)

سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن محمد یاسر پیر زادہ نے کہا ہے کہ انسدادِ پولیو مہم نہ صرف ہماری سرکاری ڈیوٹی ہے بلکہ یہ ہمارے لیے ایک قومی فریضہ بھی ہے اس لیے سی ڈی اے کے تمام اہلکاروں کو پولیو ڈیوٹی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ممبر ایڈمنسٹریشن کے احکامات پر سی ڈی اے کے شعبہ ایچ آر ڈی نے ایک مراسلہ جاری کیا ہے جس میں تمام متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انسدادِ پولیو مہم میں غیر حاضر رہنے والے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی روک لی جائے ۔ متعلقہ شعبوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ خلاف ورزی کے مرتکب ملازمین کے خلاف سی ڈی اے ایمپلائز سروس ریگولیشن 1992 ؁ء کی شق نمبر 8.06(02) کے تحت کاروائی عمل میں لا کر 15 یوم کے اندر رپورٹ پیش کی جائے۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپٹل ہسپتال، ڈائریکٹر انفورسمنٹ، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ I- ،ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹII- ، ڈائریکٹر لینڈ و بحالیات ، ڈائریکٹر پلاننگ، ڈائریکٹر واٹر سپلائی، ڈائریکٹر ورکس I,II اورIII ،ڈائریکٹر سیکورٹی، ڈائریکٹر روڈز، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ایولیوایشن ، ڈائریکٹر سینی ٹیشن، ڈائریکٹر سپیشل پروجیکٹ، ڈائریکٹر جنرل سروسز ، ڈائریکٹر ایم پی او، ڈائریکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن اور دیگر شعبوں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف کاروائی کر کے رپورٹ جمع کروائیں۔

متعلقہ عنوان :