سپریم کورٹ نے سانحہ کوئٹہ کے حوالے سے ازخود نوٹس کیس میں جوڈیشل کمیشن کی سفارشات

پر بلوچستان حکومت اور وزارت داخلہ سے عملدرآمدسے متعلق تجاویز اور اعتراضات بارے رپورٹ طلب کر لی

جمعرات 19 جنوری 2017 21:13

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) سپریم کورٹ نے سانحہ کوئٹہ کے حوالے سے ازخود نوٹس کیس میں جوڈیشل کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں بلوچستان حکومت اور وزارت داخلہ سے عملدرآمدسے متعلق تجاویز اور اعتراضات بارے رپورٹ طلب کرتے ہوئے وفاق کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے ، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 6فروری تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر اٹارنی جنرل کو پیش ہونے کا حکم دیا ، جمعرات کو جسٹس امیرہانی مسلم کی سربراہی میں جسٹس مشیر عالم اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل پرمشتمل تین رکنی بنچ نے کی۔

اس موقع پرکوئٹہ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ایڈووکیٹ حامد خان نے پیش ہوکرعدالت کوبتایا کہ انہیںجسٹس کمیشن کی رپورٹ پر کوئی اعتراض نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

ہمیں بتایا جائے کہ واقعہ کے وقت ہسپتال کی سیکیورٹی کیسی تھی، اسی روز 81ڈاکٹرز ہسپتال سے غیر حاضر تھے جن میں سے 52 ڈاکٹرایسے ہیں جوہمیشہ غیر حاضر رہتے تھے واقعہ میں ڈیڑھ سو سے زائدافراد زخمی ہوئے ، اس کیس کے بارے میں باریک بینی سے انکوائری کرنے کی ضرورت ہے۔

جسٹس مشیر عالم نے استفسار کیا کہ کمیشن کی رپورٹ کے بعد حکومت نے اس حوالے سے کیا اقدامات اٹھائے ہیں، جس پر بلوچستان حکومت کے وکیل خواجہ حارث نے بتایا کہ کمیشن کی رپورٹ پبلک ہوگئی ہے کچھ سیکیورٹی ایشوز ہیں ، جبکہ یہاں بعض لوگوں کی شناخت ظاہر کرنا مناست نہیں ہوتا ، ہمارے کچھ تحفظات ضرور ہیں مگر کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد ہونا چاہئے ، جسٹس امیر ہانی مسلم نے کہا کہ ہمارا مقصد ہے کہ سیکورٹی کے حوالے سے بہتری لائی جائے ، یہ واقعہ کیوں ہوا، کیا ہسپتال محفوظ نہیں تھا ان معاملات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔

جہاں ایف سی اور رینجرز کی ضرورت پڑتی ہے بلالیا جاتا ہے ، خواجہ حارث ایڈووکیٹ نے کہا کہ لیگل ایشو کو پولیٹیکل ایشو بنانے کی کوشش کی گئی ہے ۔سماعت کے دوران آئی جی بلوچستان احسن محبوب نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے سیکیورٹی سو فیصد بہتر کرنے کی کوشش کی ہے۔ 11واچ ٹاور ،2 پلرز ٹاپرزوار بنائے گئے ہیں ، وزیر اعلیٰ نے بائونڈری وال تعمیر کروانے کی یقین دہانی کروائی تھی ۔ بعدازاں عدالت نے صوبائی حکومت ، وزارت داخلہ اوروفاق سے کمیشن کی رپورٹ پرعملد رآمد کے جواب طلب کرلیا، مزید سماعت 6فروری تک ملتوی کردی گئی ۔