وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ورلڈ بینک میں پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی ملاقات

مستقبل میں عالمی بینک کے ساتھ ترقیاتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں ،ْوزیر خزانہ

جمعرات 19 جنوری 2017 21:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2017ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مستقبل میں عالمی بینک کے ساتھ ترقیاتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ورلڈ بینک میں پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ناصر محمود کھوسہ نے ملاقات کی اور انہیں عالمی بینک کی پاکستان کے مختلف پروگراموں اور منصوبوں میں فنانسنگ سے متعلق امور کے بارے میں بریفنگ دی۔

جمعرات کو یہاں ہونے والی ملاقات میں انہوں نے وفاقی وزیر کو عالمی بینک کی نئی چیف ایگزیکٹو آفیسر کے مجوزہ دورہ کے بارے میں بتایا کہ وہ 26 سے 28 جنوری تک پاکستان کا دورہ کریں گی، یہ ان کا عالمی بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی حیثیت سے تقرری کے بعد کسی رکن ملک کا پہلا دورہ ہو گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر خزانہ نے عالمی بینک کی نئی چیف ایگزیکٹو آفیسر کے مجوزہ دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم عالمی بینک کی جانب سے میکرو اکنامک استحکام اور اقتصادی ترقی میں معاونت کو سراہتے ہیں اور مستقبل میں عالمی بینک کے ساتھ ترقیاتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان کی جانب سے عالمی بینک میں پالیسی اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق کردار کو یقینی بنائیں۔