بڈھنی میں ہائی سکول کی ناقص تعمیر پر اینٹی کرپشن کے ذریعے تحقیقات کا فیصلہ

جمعرات 19 جنوری 2017 21:03

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) پاکستان تحریک انصاف ضلع پشاور کے صدر و ڈیڈک چیئرمین و ایم پی اے ارباب جہانداد کی زیر صدارت پی کے نائن کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر ڈیڈک چیئرمین و ایم پی اے ارباب جہاندادنے پی کے نائن کے علاقے میں ہو نے والے ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ تمام تعمیراتی کام اچھے اور معیاری ہونے چاہیے اور ناقص تعمیرات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی جبکہ بڈھنی کے نئے بلڈنگ کریک ہونے پر برہمی کااظہارکرتے ہوئے سکول میں ناقص تعمیر پر اینٹی کرپشن کے ذریعے تحقیقات کا فیصلہ کیا اورکہاکہ اسکے خلاف انکوائری کی جائیگی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔

ڈیڈک چیئرمین نے پی کے نائن کے علاقے میں سکولوں کی معیار کو مزید بہتربنانے کیلئے ڈسٹرکٹ ممبران کو ای ڈی او ایجوکیشن کے ساتھ سکولوں کے دورے کرنے کے بھی ہدایا ت جاری کیں اورکہاکہ تمام سکولوںکے دورے کئے جائیں تاکہ سکولوں کے مسائل معلوم کئے جاسکیں اور اس کو مزید بہترکیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پی کے نائن میں ترقیاتی کاموںکا جال بچھادیا گیا ہے‘ ماضی میں حکمرانوں نے پی کے نائن میں ترقیاتی کام نہیں کئے جس پر عوام نے انکو مستردکردیا۔

انہوں نے کہاکہ عوام کا اعتماد بحال رکھاجائیگا اور اپنی دور حکومت میں پی کے نائن کو ماڈل بنائوں گا اور انکی محرومیوں کاازالہ کرینگے۔ اس موقع پر ایم این اے ساجد نواز نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ماضی میں محکموں کے درمیان خلا ہوتا تھا اور پہلے لوگ ایم پی ایز اور ایم این ا یزکے پیچھے بھاگتے تھے جبکہ صوبائی حکومت میں بلدیاتی نمائندے عوام کی خدمت کررہے ہیں اور اب انکے مسائل اپنے علاقے میں حل ہورہے ہیں۔ انہوں نے تمام افسران کو عوام کی خدمت کیلئے اپنے آفس کے دروزاے کھلے رکھنے کی ہدایت کی اور کہاکہ عوام کی خدمت کرنا انکا فرض ہے ۔

متعلقہ عنوان :