خیبر پختونخوا حکومت نے تمام تر مشکلات کے باوجود عوام کے مفادات کو سب سے مقدم رکھا ،شاہ محمد خان وزیر

جمعرات 19 جنوری 2017 20:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جنوری2017ء)وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد خان وزیر نے جمعرات کے روز اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے تمام تر مشکلات کے باوجود عوام کے مفادات کو سب سے مقدم رکھا ۔انہوں نے کہا کہ وہ جہاں کہیں بھی اپنے نجی یا سرکاری دورے پر بیرون ملک گئے ہیں وہاں پر مقیم نہ صرف پشتونوں بلکہ پورے پاکستانیوں کی مشکلات سے آگاہی حاصل کرنے اور ان کے سد باب کیلئے ہر ممکن کوشش کی ہے۔

گزشتہ ہفتہ اپنے نجی دورہ دبئی کا حوالہ دیتے ہوئے معاون خصوصی نے بتایا کہ دوبئی میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے پاکستانی سفارت خانے بھی گئے جہاں پر انہوں نے پاکستان کے سفیر سے ان کے مسائل و مشکلات کے حل کیلئے بات چیت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندہ کی حیثیت سے جہاں کہیں بھی عام لوگ مشکلات میں ہوں ان کیلئے ہر ممکن کوشش کرنا میں اپنی سیاسی اور اخلاقی ذمہ داری سمجھتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ عنقریب وہ سعودی عرب بھی نجی دورے پر جانے کا ارادہ رکھتے ہیں جس کا مقصد وہاں کے پاکستانیوں باالخصوص پشتونوں کو درپیش مشکلات کے حل میں حتی المقدور تعاون کرنے کی کوشش کرنا ہے کیونکہ ان کا بھی ہم پر اتنا ہی حق ہے جتنا کہ دیگر ہم وطنوں کا ہے۔