سندھ اسمبلی، مسلم لیگ (فنکشنل) کی رکن نصرت سحر عباسی کی ایک تحریک التواء ، خلاف ضابطہ قرار دے کر مسترد کر دی

جمعرات 19 جنوری 2017 20:55

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) سندھ اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر سیدہ شہلا رضا نے جمعرات کو مسلم لیگ (فنکشنل) کی رکن صوبائی اسمبلی نصرت سحر عباسی کی ایک تحریک التواء جس کا تعلق سول اسپتال شکار پور کی ناگفتہ بے صورت حال سے تھا ۔ خلاف ضابطہ قرار دے کر مسترد کر دی ۔ محرک کا کہنا تھا کہ سول ہسپتال شکارپور کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے ۔

جہاں نہ ڈاکٹر ہیں اور نہ ادویات ۔ جبکہ اسپتال کے ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹینڈنٹ نے ذمہ داریاں نبھانے سے ہی معذرت کر لی ہے ۔ سینئر وزیر پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے تحریک کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ یہ تحریک ایک اخباری تراشے کی بنیاد پر پیش کی گئی ہے ۔ ہم تمام اخبارات کی عزت کرتے ہیں اور ان کی اہمیت سے بھی آگاہ ہیں لیکن اسمبلی کے قواعد میں لکھا ہے کہ اخباری تراشے کو بنیاد بنا کر تحریک پیش نہیں کی جا سکتی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فنی بنیادوں پر تحریک قابل غور نہیں ہو سکتی ۔ بعد ازاں قائم مقام اسپیکر نے تحریک کو خلاف ضابطہ قرار دے دیا ۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے شکارپور سے رکن سندھ اسمبلی امتیاز احمد شیخ نے پوائنٹ آف آرڈر پر وضاحت کی کہ شکارپور ان کا حلقہ ہے اور محرک کبھی سول اسپتال شکارپور نہیں گئیں ۔ انہوں نے کہاکہ شکارپور کا سول اسپتال سندھ کے بہترین اسپتالوں میں شامل ہے ۔ جہاں نہ ڈاکٹروں کی کمی ہے اور نہ ہی فنڈز کی کسی قلت کا سامنا ہے ۔

متعلقہ عنوان :