ملیریا سے بچائو کے حوالے سے کمیونٹی آگاہی پروگرام شروع

جمعرات 19 جنوری 2017 20:55

کوئٹہ۔19جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) بی آر ایس پی کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق انڈس ہسپتال کے تعاون سے محکمہ صحت بلوچستان اور بی آر ایس پی کے اشتراک سے ضلع نصیر آباد میں بنیادی صحت مراکز پر ملیریا سے بچائو کے حوالے سے کمیونٹی آگاہی پروگرام شروع کردیا گیا ہے۔ ملیریا ایک مخصوص قسم کے جراثیم پلازموڈیم سے ہونے والی بیماری ہے جو ایک مخصوص مادہ مچھر کے ذریعے ایک انسان سے دوسرے انسان تک پھیلتی ہے یہ مچھر ان جراثیم کو ملیریا سے متاثرہ انسان سے خون چوسنے کے دوران لیتی ہے اور دوسرے صحت مند انسانوں میںمنتقل کرتی ہے جس کے علامات کپکپی کے ساتھ تیز بخار سر میں درد پسینہ انا متلی اور قے آنا بھوک کم لگنا اور جوڑوں میں درد کا ہونا ہے اس سلسلے میںملیریا سے بچائو اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لئے ضلع نصیر آباد میں بی آر ایس پی نے عوام کو شعور آگہی دینے کا پروگرام شروع کررکھا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ملیریا کی تشخیص اور دوائی بغیر کسی معاوضے کے ضلع نصیر آباد کے تمام بنیادی صحت مراکز مفت دستیاب ہے ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ بی آر ایس پی ملیریا سے بچائو کے لیے ایک لاکھ چالیس ہزار مچھر دانیاں پورے ضلع میں تقسیم کردی گئی ہے کیونکہ دوا لگی مچھر دانی کے استعمال سے ملیریا سے بچائو ممکن ہے کیونکہ دوا لگی مچھر دانی پر مچھر بیٹھتے ہی دوائی کے اثر سے مچھر مرجاتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق دوالگی مچھر دانی کے استعمال سے ملیریا بخار اور اس سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں سے اموات کی شرح میں 25 فیصد کمی واقع ہوئی ہے ۔