بلدیاتی نظام سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے،چوہدری محمد لطیف وینس

جمعرات 19 جنوری 2017 20:54

سیالکوٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے چیئرمین یونین کونسل کندن پور چوہدری محمد لطیف وینس نے کہا ہے کہ بلدیاتی نظام سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے اور شہر اقبال میں شروع ہونے والے ترقیاتی کام اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی شاندار حکمت عملی کا نتیجہ ہے، حکومت نے بلدیاتی نظام رائج کر کے قوم کے دل جیت لئے ہیں اور بلدیاتی نظام کے بعد کامیاب امیدوار عوام کی خدمت میں دن رات مصروف عمل ہیں ۔

چیئرپرسن ضلع کونسل سیالکوٹ حناء ارشد وڑائچ ، وائس چیئرمین ضلع کونسل چوہدری رضا سبحانی ایڈووکیٹ ، چوہدری جمیل اشرف او ر ملک ضیافت علی اعوان کے ساتھ میئر سیالکوٹ توحید اختر چوہدری اور ڈپٹی میئر چوہدری بشیر احمد نے فوری طور پر عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے لائحہ عمل مرتب کر نا شروع کر دیا ہے اور اس سلسلہ میں شہر اقبال سے تجاوزات کا خاتمہ اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے جو کہ موجودہ نمائندوں کی بہترین حکمت عملی کی عکاس ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام عوام کی خدمت میں ریڑھ کی ہڈی کا مقام رکھتا ہے ۔ موجودہ نمائندے ایمانداراور عوامی خدمت کے قائل ہیں جن کی قیادت میں شہر اقبال خوشحال اور ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا ۔ حکومت عوام کے دکھوں کا مداوا کر رہی ہے اور علاقائی سطح پر عوام کے مسائل حل ہونے سے عوامی معیار زندگی بلند ہو رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :