لاہور ہائیکورٹ نے سزائے موت کے قیدی کی سزاء عمر قید میں تبدیل کر دی،5 ساتھی بری

جمعرات 19 جنوری 2017 20:54

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے قتل کے مقدمے میں سزائے موت کے قیدی کی سزاء کو عمر قید سے تبدیل کردیا۔عدالت نے شک کا فائدہ دیتے ہوئے پانچ ملزمان کو بری کر دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس شہرام سرور چوہدری کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے اپیل کی سماعت کی۔ملزمان کی وکیل صائقہ جاوید ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ پولیس نے ملزمان کو قتل کے بے بنیادمقدمے میں ملوث کیا۔

پرانی دشمنی میں آمنا سامنا ہونے پر مرکزی ملزم نے اپنے دفاع میں گولیاں چلائیں مگر پولیس نے باقی ملزمان کو بھی بے بنیاد مقدمے میں نامزد کر دیا۔مدعی مقدمہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کی فائرنگ سے تین افراد فدا حسین، جعفر اور نوازش موقع پر جاں بحق ہو گئے جس پر ملزمان کے خلاف تھانہ اٹھارہ ہزاری جھنگ میں قتل کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا جبکہ ٹرائل عدالت نے تمام ملزمان کو شواہد اور گواہوں کی بنیاد پر سزائیں سنائیں لہذا عدالت سزائے موت کیخلاف اپیل کو مسترد کرے۔

(جاری ہے)

عدالت نے دونوںفریقین کے دلائل سننے کے بعد سزائے موت کے مجرم فرخ عباس کی سزاء کو عمر قید میں تبدیل کر دیا۔عدالت نے ناکافی گواہوں اور ثبوتوں کی بناء پر پانچ ملزمان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا -