Live Updates

محکمہ معدنیات کو غار کے دور سے نکال کر جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا وقت آگیا ہے،شہباز شریف

جمعرات 19 جنوری 2017 20:53

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ معدنیات کی تنظیم نو اور پائیدار بنیادوں پر مائننگ سیکٹر کے فروغ کے حوالے سے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا-ای وائی کنسورشیم کے کرسچن میون کی قیادت میں فرانس ، کینیڈا، مشرق وسطی اور جنوبی افریقہ کے مائننگ سیکٹر کے ماہرین نے بھی اجلاس میں شرکت کی-اجلاس میں محکمہ معدنیات کی تشکیل نو اور مائننگ سیکٹر کی بہتری کے حوالے سے مختلف سفارشات اور تجاویز پر غور و خوض کیا گیا- وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے اور معدنی وسائل کو بروئے کار لا کر قومی معیشت کو مضبوط اور پاکستان کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے -بدقسمتی سے ماضی میں ان معدنی وسائل سے استفادہ نہیں کیا جا سکا-انہوں نے کہا کہ محکمہ معدنیات کو جدیدخطوط پر استوار کئے بغیر یہ مقصد حاصل نہیں کیا جا سکتا - مائننگ ٹیکنیکل عمل ہے جسے ٹیکنیکل اور پروفیشنل انداز میں آگے بڑھانا ہے - محکمہ معدنیات میں پروفیشنل اور ٹیکنیکل افراد کی ضرورت ہے - محکمہ معدنیات کو غار کے دور سے نکال کر جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا وقت آگیا ہے -انہوں نے کہا کہ محکمہ معدنیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور مائننگ سیکٹر کے فروغ کیلئے بین الاقوامی ماہرین کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اوران کے تجربے اور مہارت سے فائدہ اٹھاکر ادارے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا-وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمے کی تنظیم نو اور مائننگ سیکٹر کی بہتری کیلئے آئندہ چار ہفتوں میں مربوط پلان مرتب کر کے پیش کیا جائی- انہو ںنے کہا کہ پنجاب حکومت مختلف منصوبوں میں بین الاقوامی ماہرین کی مشاورت اور تجربے سے استفادہ کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے -پنجاب کے معدنی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بے پناہ مواقع موجودہیں اور پنجاب میں ہر سطح پر شفافیت کی پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے -بدقسمتی سے ڈکٹیٹر مشرف کے دور میں مائننگ سیکٹر میں اربوں روپے کی کرپشن کی گئی اورمائننگ کا ٹھیکہ قواعد و ضوابط سے ہٹ کر ایک ایسے شخص کو دیاگیا جو اس کی مہارت بھی نہیں رکھتا تھا- پنجاب حکومت نے اس حوالے سے تین سال تک عدالت میں کیس لڑا اور عدالت نے فیصلہ پنجاب حکومت کے حق میں دیا - انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت معدنی وسائل کو بروئے کار لانے کے حوالے سے شفاف طریقے سے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہی-مائننگ سیکٹر میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے بہتر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں - بین الاقوامی ماہرین نے محکمہ معدنیات کی تنظیم نو اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے تفصیلی بریفنگ دی-سربراہ وفدای وائی کنسورشیم کے کرسچن میون نے کہا کہ آپ کے ویژن کے مطابق محکمہ معدنیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے مربوط لائحہ عمل مرتب کریں گے - صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیر علی ، چیف سیکرٹری ، سیکرٹریز مائنز، قانون، خزانہ، پی اینڈ ڈی ، صنعت اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی-
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :