واپڈا اپنا بوریا بسترسمیٹ کر چلے جائیں ،ہم ان کی تنخواہوں کی مد میں دی جانے والی بھاری رقوم سے ڈیزل جنریٹر چلا کر عوام کو بجلی فراہم کریں گے ، عوام تین دن تک بجلی بحران ختم نہ ہونے کی صورت میں پریشان چوک پر جمع ہو جائیں ، ہم واپڈا آفس کی طرف جائیں گے اور آفس کا گھیرائو کریں گے

نجمن تاجران اور سول سوسائٹی کی اپیل پر کئے گئے احتجاجی جلسے سے مقررین کا خطاب

جمعرات 19 جنوری 2017 20:48

سکردو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جنوری2017ء) انجمن تاجران اور سول سوسائٹی کی اپیل پر کئے گئے شٹر ڈائون ہڑتال کے موقع پر یادگار شہدا پر ایک احتجاج جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان پیپلزپارٹی ،تحریک انصاف ،مجلس وحدت المسلمین سمیت حکمراں جماعت کے علاوہ تمام پارٹیوں کے رہنمائوں نے شرکت کی اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے انجمن تاجران سکردو کے صدر غلام حسین اطہر نے کہا کہ واپڈا نے گرمیوں میں لوڈ شیڈینگ کا جواز یہ پیش کیا تھا کہ گرمیوں میں پانی بچا کر سردیوں میں عوام کو بلا تعطل بجلی فراہم کریں گے تاہم سردیوں میں عوام پر لوڈ شیڈنگ کی بمباری کر کے واپڈا نے اپنی نا اہلیت عیاں کر دی ہے جس کے بعد انہیں یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ بھاری تنخواہیں وصول کر تے ر ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ واپڈا اپنا بوریا بسترسمیٹ کر چلے جائیں ہم ان کی تنخواہوں کی مد میں دی جانے والی بھاری رقوم سے ڈیزل جنریٹر چلا کر عوام کو بجلی فراہم کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تین دن تک بجلی بحران ختم نہ ہونے کی صورت میں پریشان چوک پر جمع ہو جائیں جہاں سے ہم واپڈا آفس کی طرف جائیں گے اور آفس کا گھیرائو کریں گے انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتیں اسی طرح احتجاج کے بعد ہل جاتی تھیں اور اپنی مجبوریاں عوام کو بتا دیتی تھیں تاہم موجودہ حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی ۔

انہوں نے کہا کہ واپڈا کی مشین دو نمبر کا نہیں بلکہ 10نمبر کا ہے جب سے نصب ہوئی ہیں سکردو کے عوام بجلی کی نعمت چھین گئی ہے انھوں نے کہا کہ آج کے منتخب عوامی نمائندوں نے بے حسی میں سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہے یہ لوگ اپنے سابقہ قرضے اتارنے اور الیکشن کے اخراجات پورا کرنے میں لگے ہوئے ہیں ان کو عوامی مسئلے سے کوئی سروکار نہیں ۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما عبد اللہ حیدری تحریک انصاف کے خواجہ مدثر ایم ڈبلیو ایم کے آغا الیاس اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔