قوم کوگمراہ کرنے کی کوشش کرنے والوں کو ناکامی کے سواء کچھ نہیں ملے گا ،ْمریم اورنگزیب

عمران خان کو وزیراعظم محمد نوازشریف کا کامیاب دورہ ڈیووس مبارک ہو، ملکی ترقی اورخوشحالی کیلئے فیتے کٹتے رہیں گے ،ْمیڈیا سے گفتگو

جمعرات 19 جنوری 2017 20:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2017ء) وزیرمملکت اطلاعات، نشریات وقومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قوم کوگمراہ کرنے کی کوشش کرنے والوں کو ناکامی کے سواء کچھ نہیں ملے گا، عمران خان کو وزیراعظم محمد نوازشریف کا کامیاب دورہ ڈیووس مبارک ہو، ملکی ترقی اورخوشحالی کیلئے فیتے کٹتے رہیں گے۔ جمعرات کویہاں میڈیا سے گفتگو میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان عدالت کے باہر جھوٹ بولتے ہیں ، عمران خان کے پاس کہنے کیلئے آج کچھ نہیں تھا ،تحریک انصاف کے وکلاء نے آج ٹیکس چوری اورمنی لانڈرنگ پر کوئی بات نہیں کی،اب عمران خان کے ہاتھ صرف وہ جھوٹ ہے جس کا وہ باربار کہہ رہے ہیں کہ وزیراعظم نے پارلیمان میں جھوٹ بولا ہے۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کے وکیل عدالت میں تمام ثبوت پیش کرچکے ہیں،یہ بات ثابت ہورہی ہے کہ محمد نواز شریف کا پانامہ دستاویزات سے کوئی تعلق نہیں ،یہ بھی ثابت ہورہاہے کہ مریم نواز وزیراعظم کے زیرکفالت نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران کی جانب سے دائر پیٹیشن اور اس میں لگائے جانیوالے الزامات کے حوالے سے عمران خان کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہیں اور اب وہ اس بات پر آگئے ہیں کہ وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں غلط بیانی کی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے قوم سے جتنے خطاب کئے ہیں وہ ریکارڈ کا حصہ ہیں، ہم عدالت میں وہ دستاویزات جمع کرادی ہیں جن کا ذکر وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کیا تھا، اس کے برعکس عمران خان اپنی دائر کردہ پٹیشن پرایک بھی ثبوت عدالت میں پیش نہیں کرسکے ہیں،اگر سپریم کورٹ میں یہ مقدمہ لڑا جارہاہے تووہ ہم لڑرہے ہیں۔

وزیرمملکت نے کہا کہ عدالت میں اتنے دنوں سے بحث کا نتیجہ یہ تھا کہ کس بنیاد پر جھوٹے الزامات کے ذریعے تیسری مرتبہ منتخب ہونے والے وزیراعظم کو نااہل کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام تیسری دفعہ منتخب وزیراعظم محمد نوازشریف کے ساتھ ہیں، محمد نواز شریف کو پاکستانی قوم نے تیسری مرتبہ وزیراعظم منتخب کیا ہے اور پوری قوم محمد نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے ، جس کو عمران خان جھوٹ بول کر گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، قوم نے اس کا ثبوت2013 ء میں ووٹ دے کر دیا اور انشاء اللہ اس بات کا ثبوت2018ء کے انتخابات میں بھی ووٹ دے کر کریں گے کہ وہ نواز شریف کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد محمد نواز شریف ملک کی ترقی کیلئے دن رات کام کررہے ہیں ، پچھلے ساڑھے تین سال اور آئندہ ڈیڑھ سال میں بھی فیتے کٹنے والے ہیں، عمران خان کو اس کی مبارک ہو۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کو وزیراعظم محمد نواز شریف کا کامیاب دورہ ڈیووس بھی مبارک ہو، دنیاء کے ناموراداروں اورکمپنیوں نے وزیراعظم محمد نوازشریف پر اعتماد کا اظہارکیاہے،وزیراعظم نے جتنا اعتماد بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کودیا ہے اس کے حوالے سے رپورٹ گذشتہ روز سے میڈیا پرچل رہی ہے، انشاء اللہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کا یہ سفر جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :