خیبر پختونخوا حکومت نے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی قیادت میں سی پیک کے حوالے سے صوبے کے فوائد کے حصول کیلئے جس جرات اور دلیری کے ساتھ اقدامات اٹھائے ہیں ان کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ایکسائز وٹیکسیشن میا ں جمشید الدین کاکا خیل کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 19 جنوری 2017 20:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جنوری2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ایکسائز وٹیکسیشن اور انسدار منشیات میا ں جمشید الدین کاکا خیل نے جمعرات کے روز اپنے دفتر پشاور میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی قیادت میں سی پیک کے حوالے سے صوبے کے فوائد کے حصول کیلئے جس جرات اور دلیری کے ساتھ اقدامات اٹھائے ہیں ان کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتوں نے سی پیک کو اپنی سیاسی بقاء کیلئے استعمال کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن عوام ان کے پراپیگنڈے میں آنے والے نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کا مغربی روٹ صوبے کی ترقی وخوشحالی کیلئے سنگ میل ثابت ہو گا جس سے نہ صرف معاشی سرگرمیوں اوربیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا بلکہ بیروز گاری میں خاطر خوا ہ کمی واقع ہو گی۔

(جاری ہے)

میا ں جمشید الدین نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی سیاست اور پالیسیاں راویتی سیاست کے بالکل برعکس ہیں کیونکہ پی ٹی آئی کے تمام فیصلے عوامی خواہشات اور توقعات کے مطابق ہوتے ہیں ،جہاں کہیں عوامی مفادات کا معاملہ ہو ہم اپنے سیاسی مستقبل کی پروا کئے بغیر عوامی مفادات کو ترجیح دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ احتساب کمیشن کا پلی بارگیننگ کا فیصلہ عوامی خواہشات کے خلاف تھا جس کی پاکستان تحریک انصاف نے صرف بھرپور مخالفت کی ہے بلکہ اس فیصلے کو روکنے کیلئے عملی جدوجہد بھی کررہی ہے۔