یوٹیلٹی سٹورز کا دوبارہ منافع بخش ادارے میں بدل جانا موجودہ قیادت اور یوٹیلٹی سٹورکی ٹیم کی بھر پور محنت کامنہ بولتا ثبوت ہے، وفاقی وزیر غلام مرتضیٰ خان جتوئی

جمعرات 19 جنوری 2017 20:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار نے غلام مرتضیٰ خان جتوئی نے کہا ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز کا دوبارہ منافع بخش ادارہ میں بدل جانا موجودہ قیادت اور یوٹیلٹی سٹورکی ٹیم کی بھر پور محنت کامنہ بولتا ثبوت ہے، میرے دور وزارت میں یوٹیلٹی سٹورکا اپنے خساروں پر قابو پا کر پھر سے منافع بخش سٹوربن جانا باعث مسرت ہے، اگر لگن سچی ہو تو کچھ ناممکن نہیں جس طرح یوٹیلٹی سٹور نے اپنے خساروں پر قابو پا کر اور بہتر حکمت عملی سے سالانہ سیل میں اضافہ کیا ہے وہ دوسرے اداروں کیلئے قابل تقلید ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ہونہار ملازمین کو تعریفی اسناد پیش کرنے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ کمپیوٹرائزیشن کے عمل کے بغیر یوٹیلٹی سٹور رٹیل مارکیٹ کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ انہوں نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی مینجمنٹ کو کہا کہ وہ کمپیوٹرائزیشن کا عمل دوبارہ شروع کریں۔

اس دوران ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز وسیم مختار نے وفاقی وزیر کو یوٹیلٹی سٹورز کی کارکردگی اور آئندہ سال کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وسیم مختار نے ادارے کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم جب اپنی سوچ کی پابندیوںسے آزاد ہوئے تو کشتی منجدھارسے نکل سکی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوٹیلٹی سٹور کی تاریخ میں پہلی دفعہ اس نظر یے کو شکست ہوئی ہے کہ سبسڈی کے بغیر بھی سٹور کو کمرشل بنیادوں پر چلاکرنہ صرف منافع بخش ادارہ بنایا جا سکتا ہے بلکہ عوام کو سستی اشیا ء ضروریہ دوسرے رٹیل سٹورز کے مقابلے میں ارزاں نرخوں پر بھی دستیاب ہونگی۔

انہوں نے اپنی حکمت عملی کے بنیادی اصول بتاتے ہوئے کہا کہ انوینٹری مینجمنٹ ،برانڈڈ اشیاء میں اضافہ، ورکنگ کپیٹل کی بہتر اور دانشمندانہ ترسیل کے علاوہ کالی بھیڑوں کو باہر پھینکنے سے سٹور کی کارکردگی میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ ماہ سے وہ نئے سٹورز کھولنے کیلئے ایک جامع منصوبہ بندی بھی بنائیں گے۔ وفاقی وزیر نے مینجمنٹ کو ہدایت کی کہ اشیاء کے معیار پر کسی صورت سمجھوتانہیں کیا جائے گا۔تقریب میں یوٹیلٹی سٹور کے تمام اعلی افسران کے علاوہ وزارت صنعت و پیداوار کے افسران نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :