وزیر اعظم نواز شریف اور ناروے کے وزیر اعظم کی ملاقات ،ْ تجارت ، سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار

ناروے کی دہشت گردی اور انتہاء پسندی سے نمٹنے کیلئے کامیابیوں کی تعریف دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں اور بات چیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے ،ْگفتگو بل گیٹس کی بھی نواز شریف سے ملاقات ،تین سالوں کے دوران پولیو وائرس کے خاتمہ میں شاندار کامیابی پر پاکستان کو خراج تحسین

جمعرات 19 جنوری 2017 20:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2017ء) پاکستان اور ناروے نے تجارت ، سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں اور بات چیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے ۔ گزشتہ روز عالمی اقتصادی فورم کے 47 ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف نے ناروے کی اپنے ہم منصب ارنا سولبرگ سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ناروے کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،ْجولائی 2015ء میں اپنے ناروے کے سودمند دورہ، ستمبر 2015ء میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر نیویارک میں ان سے ملاقات کا بھی نواز شریف نے حوالہ دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ناروے کی وزیراعظم کو بتایا کہ ان کی حکومت امداد کی بجائے تجارت، اقتصادی تعاون پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ناروے پاکستان کا سرمایہ کاری، تجارت اور ترقیاتی تعاون میں ایک مضبوط شراکت دار ہے۔ دونوں رہنمائوں نے تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔ ناروے کی وزیراعظم نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان میں پہلے ہی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں تجارت کے مواقع سے مکمل طور پرمستفید ہونے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کی اقتصادی تجدید کو سراہتے ہوئے دہشت گردی اور انتہاء پسندی سے نمٹنے کیلئے کامیابیوں کی تعریف کی۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں اور بات چیت کے اس تسلسل کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ناروے کی وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ وزیراعظم نواز شریف نے سیاسی اور معاشی سطح پر دونوں ملکوں کے درمیان رابطے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ صحت و تعلیم کے شعبوں میں ناروے کے ترقیاتی تعاون کو بھی سراہا۔

ملنڈا گیٹس فائونڈیشن کے سربراہ اور بزنس لیڈر بل گیٹس نے گذشتہ تین سالوں کے دوران پولیو وائرس کے خاتمہ میں شاندار کامیابی پر پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے گذشتہ روز عالمی اقتصادی فورم کے 47 ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف سے کانگریس سنٹر میں ملاقات میں کی۔ وزیراعظم کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے بل گیٹس نے کہا کہ 2017ء پاکستان سے پولیو کے خاتمہ کا سال ہو گا۔

وزیراعظم نے بل گیٹس کو تباہ کن پولیو وائرس کے خلاف قومی جنگ کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت چاروں صوبائی حکومتوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ساتھ مل کر پولیو کے خاتمہ کیلئے اجتماعی کوششیں کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان اور آنے والی نسلوں کی صحت یقینی بنانے کیلئے وفاقی اور صوبائی سطح پر تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ بل گیٹس نے کہا کہ وہ آنے والے مہینوں میں دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔