وزیراعلیٰ کاگورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے 15 ویں کانووکیشن سے خطاب ،انڈومنٹ فنڈ کیلئے 10کروڑ روپے دینے کا اعلان

پاکستان اس لئے بنا تھا کہ یہاں مساوات ہوگی،انصاف کا ڈنکا بجے گا ، بدقسمتی سے 70برس کے دوران کچھ اور ہی کھیل کھیلا جاتا رہا فروغ تعلیم کیلئے اپنا پیٹ کاٹ کر وسائل دینگے،نوجوان پاکستان کی قسمت بدل کررکھ دینگے‘محمد شہبازشریف پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ سے ایک لاکھ 75 ہزار طلبا و طالبات کو وظائف دیئے جاچکے ہیں ، مارچ میں یہ تعداد 2 لاکھ ہو جائیگی ماضی میں تعلیم کے نام پر زبانی جمع خرچ کیاگیا جس سے تعلیمی نظام گراوٹ کا شکار ہوا،آج پاکستان ترقی کی شاہراہ پر چل نکلا ہے پاکستان معاشی طورپرٹیک آف کررہا ہے اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میںبھی بے مثال کامیابیاں ملی ہیں،وزیراعلیٰ نے پی ایچ ڈی سکالرز میں ڈگریاں اور مختلف شعبوں میںنمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبا و طالبات میں گولڈ میڈلز اوراسناد تقسیم کیں

جمعرات 19 جنوری 2017 20:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے کہا ہے کہ تعلیم ترقی، خوشحالی اور کامیابی کی کنجی ہے۔ انتہاپسندی، غربت اور بیروزگاری جیسے مسائل کا حل بھی فروغ تعلیم میں مضمر ہے۔ پنجاب حکومت نے فروغ تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے اور گزشتہ ساڑھے آٹھ سال میں تعلیم کی روشنی عام کرنے کیلئے انقلابی نوعیت کے اقدامات کئے گئے ہیں۔

نوجوانوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرکے ترقی و خوشحالی کے سفر کیساتھ ملک و قوم کے مستقبل کوتابناک بناناہے۔ نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کیلئے وسائل کی فراہمی اخراجات نہیں بلکہ سودمند سرمایہ کاری ہے اور اس مقصد کیلئے پنجاب حکومت نے پہلے بھی دل کھول کر وسائل فراہم کیے ہیں اورآئندہ بھی جتنے وسائل درکارہوںگے مہیا کریں گے۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت نے کم وسیلہ خاندانوں کے ہونہاربچوں اور بچیوں کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ قائم کیا ہے جس کے ذریعے ہزاروں پیف سکالرز تعلیم حاصل کرنے کے بعد ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔اس تعلیمی فنڈ سے اب تک ایک لاکھ 75 ہزار طلبا و طالبات کو وظائف دیئے جاچکے ہیں جبکہ مارچ میں یہ تعداد 2 لاکھ ہو جائیگی اوراس فنڈ کا حجم 20ارب روپے ہوجائے گااوریہ برصغیرکاسب سے بڑا تعلیمی فنڈہے۔

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کا شمار ملک کے بہترین تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے اور یہ ادارہ معیاری تعلیم کے فروغ کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور نے وسائل نہ رکھنے والے ہونہار طلبا و طالبات کیلئے انڈومنٹ فنڈ قائم کرکے شاندار کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے انڈومنٹ فنڈ کیلئے 10 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے 15 ویں سالانہ کانووکیشن 2017 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور سے پی ایچ ڈی ،ایم فل اور ایم ایس کرنے والے طلباء و طالبات میں ڈگریاں اور مختلف شعبوںاور ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے طلبا و طالبات میں گولڈ میڈلز اوراسناد تقسیم کیں۔

وزیراعلیٰ نے پی ایچ ڈی ،ایم فل اور ایم ایس کرنے والے طلباء و طالبات اور مختلف شعبوںاورہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے طلبا و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کا مستقبل ہیں اور آپ سے قوم کو بڑی توقعات وابستہ ہیں۔ مجھے ایک بار پھر اس عظیم درس گاہ میں آنے کا شرف حاصل ہوا ہے۔ یقینا یہ ایک بڑا عظیم تعلیمی ادارہ ہے جو قوم کے بچوں اور بچیوں کو معیاری تعلیم دے رہا ہے۔

تعلیم کے فروغ میں مصروف عمل ادارے اور افراد معاشی ترقی و خوشحالی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور اس نیک مقصد کیلئے ان کی کاوشیں لائق ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ قائم کرکے حصول تعلیم کا خواب رکھنے والے غریب گھرانوں کے بچوں اور بچیوں پر اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے دروازے کھول دیئے ہیں اور اس فنڈ سے انتہائی غریب گھرانوں کے ذہین بچے اور بچیاں معروف ملکی و غیرملکی یونیورسٹیوں میں اپنی علمی پیاس بجھا رہے ہیں۔

2008ء میں 2 ارب روپے سے قائم کئے گئے اس تعلیمی فنڈکا حجم 20 ارب روپے تک پہنچ جائے گااور اس فنڈ سے تعلیم مکمل کرنے والے پیف سکالرز ڈاکٹرز، انجینئرز، بینکرز، سائنسدان اور ماہرین معیشت بن کر قوم کی خدمت کر رہے ہیں۔پنجاب حکومت نے گزشتہ برس اس فنڈ میں چار ارب روپے کی خطیر رقم فراہم کی،اگر یہ فنڈ 1947ء سے قائم کیا جاتا تو آج کروڑوں بچے و بچیاں اس اربوں روپے کے فنڈ سے تعلیم حاصل کرچکے ہوتے لیکن اب بھی وقت ہمارے ہاتھ میں ہے اوریہ نوجوان قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں اورمیرا ایمان ہے کہ نوجوان پاکستان کو صحیح سمت میں ڈالیں گے اورپاکستان کی تقدیر بدل دیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہوراوراس طرح کے دیگر تعلیمی ادارے جوفروغ تعلیم کیلئے مثالی کام کررہے ہیں ان کی حوصلہ افزائی کیلئے پنجاب حکومت کے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں ۔ماضی میں تعلیم کے نام پر زبانی جمع خرچ کیاگیا جس سے تعلیمی نظام گراوٹ کا شکار ہوالیکن اب وفاقی حکومت اورپنجاب حکومت ملکر تعلیم کے شعبے پر بھر پور توجہ دے رہی ہیںاورہم اپنا پیٹ کاٹ کرفروغ تعلیم کیلئے وسائل دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے ایک ایسے علیحدہ وطن کیلئے قربانیاں دی تھیں جہاں انصاف کا بول بالا ہو، قانون کی حکمرانی ہو اور سب کو بلامتیاز رنگ و نسل آگے بڑھنے کے یکساں مواقع حاصل ہوں۔پاکستان اس لئے بنا تھا کہ یہاں مساوات ہوگی اورانصاف کا ڈنکا بجے گا لیکن بدقسمتی سے 70برس کے دوران یہ نہیں ہوا اور پاکستان جوہر پاکستانی کیلئے بنا تھا وہاں پر کچھ اورہی کھیل کھیلا جاتا رہا۔

گزشتہ 70 سالوں میں اس وطن عزیز کے ساتھ جو کچھ ہوا ہے وہ سب کے سامنے ہے لیکن اب ہمیں ماضی کی غلطیوں پر رونے دھونے کی بجائے محنت، امانت اور دیانت کو شعار بنا کر آگے بڑھنا ہے اور پاکستان کو بین الاقوامی برادری میں باوقار مقام دلانا ہے اور اس مقصد کے حصول کا واحد راستہ تعلیم کا فروغ ہے اور اس نیک مقصد کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہے۔وسائل کو یکجا کرکے علم کی کرنیں ملک کے کونے کونے میں بکھیرنا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی طورپرٹیک آف کررہا ہے اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میںبھی بے مثال کامیابیاں ملی ہیں اور آج پاکستان اس مقام پر کھڑا ہے جس کا راستہ ترقی اورخوشحالی کی جانب جاتا ہے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کا مفاد سب سے مقدم ہے اورہم سب ملکر پاکستان کے قومی مفادات کا تحفظ کریںگے اورملک کو عظیم بنائیں گے۔انہوںنے کہا کہ آج میں جو کچھ بھی ہوں اس میں میرے قابل احترام اساتذہ کی محنت کا بہت ہاتھ ہے جنہوںنے ہمیں احترام انسانیت کا سبق دیا۔

وزیراعلیٰ نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہورمیں فروغ تعلیم اور ادارے کی ترقی کیلئے کئے گئے اقدامات پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ مختصر عرصے میں موجودہ وائس چانسلر نے ادارے کی بہتری کیلئے شاندار کام کیا ہے اور یقینا گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اپنانمایاں مقام حاصل کرے گی۔

انہوںنے کہا کہ وائس چانسلر نے اپنی تقریر میں جس پی سی ون کاذکرکیا ہے کہ وہ منظور نہیں ہوا میں اس کاخود جائزہ لوں گا اوراس ضمن میں جو وقت ضائع ہوا ہے اس کا ازالہ کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے انڈومنٹ فنڈ کیلئے اعلان کیے جانے والے 10کروڑ روپے رواں ہفتے کے اختتام تک ادارے کے اکاؤنٹ میں منتقل کردیئے جائیں گے اورانڈومنٹ میں10کروڑ روپے کے اضافے سے کم وسیلہ خاندانوں کے مزید ذہین بچے و بچیاںاعلی تعلیم حاصل کریں گے اورملک و قوم کی خدمت کریں گے۔

وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہورپروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ نے یونیورسٹی میں تعلیمی سرگرمیوں اور اس کے توسیعی منصوبے کے بارے میں تفصیل سے روشنی ڈالی۔ وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف، صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید علی رضا گیلانی اور چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین کو یادگاری شیلڈز دیں۔

متعلقہ عنوان :