پی آئی اے نے موجودہ سسٹم کو مزید بہتر بناتے ہوئے انٹر پرائز ریسورس پلاننگ سسٹم لاگو کردیا

جمعرات 19 جنوری 2017 20:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2017ء)پی آئی اے نے اپنے موجودہ سسٹم کو مزید بہتر بناتے ہوئے انٹر پرائز ریسورس پلاننگ سسٹم ایئر لائن میں لاگو کر دیا ہے جس سے ائر لائن میںبہتر آپریشنل کنٹرول اور بروقت فیصلوں میں مدد حاصل ہو گی۔ اس سلسلے میں پی آئی اے ٹریننگ سینٹر میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر برنڈ ہلڈن برانڈ تھے۔

اس موقع پر انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دفتری امور کو سسٹم کے مرہون منت کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس سے پی آئی اے کو موجودہ اور مستقبل کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سسٹم سے پی آئی اے میں کاغذ کا استعمال ختم ہو جائے گا جس سے نہ صرف ماحول دوست سہولت ہو گی بلکہ کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سسٹم سے ائر لائن انتظامیہ کو بہتر انتظامی کنٹرول حاصل ہوگا اور آپریشنل کارکردگی بھی مزید بہتر ہوگی۔ اس کے علاوہ درست کاروباری اور آپریشنل معلومات، شفافیت اور معلومات تک آسان رسائی کے ذریعے ائر لائن کیلئے بہتر منصوبہ بندی اور فیصلے بھی جلد ازجلد کئے جا سکیں گے۔ Oracle کمپنی کے ڈائریکٹر ایلون شیا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروجیکٹ 12 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے جو کہ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں ایک ریکارڈ ہے۔

اس سے پی آئی اے ٹیم کی اس پروجیکٹ کی تکمیل میں دلجمعی اور خلوص نیت کا اظہار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سسٹم کا سب سے بڑا فائدہ پی آئی اے کو انتظامی رپورٹنگ وقت میں کمی کا ہوگا۔INFOTECH کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نصیر اختر نے کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ نے اس سسٹم کو لاگو کرنے میں جس جذبے کا مظاہرہ کیا ہے وہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے ایر لائن انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس سسٹم سے پی آئی اے کو اپنا کھویا ہوا وقار بحال کرنے میں مدد ملے گی۔

اس سے پہلے پی آئی اے کے چیف فنانشل آفیسر اور ERP کے چیف نیئر حیات نے اس سسٹم کے مختلف فوائد کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جن میں مالیاتی امور پر کنٹرول، خریداری کے معاملات، مینٹینس منیجمنٹ، ہیومن ریسورسز اور پروجیکٹ مینیجمنٹ وغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سسٹم سے پی آئی اے کے کاروباری آپریشنز، معلومات کے تبادلے، خریداری کے معاملات میں مزید بہتری اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے انتظامی امور کو آسان بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایک وقت میں پی آئی اے ایوی ایشن انڈسٹری میں نت نئی جہتیں متعارف کرانے میں اولین مقام رکھتی تھی لیکن پچھلے کئی سالوں میں مختلف وجوہات کی بنا پر ایئرلائن ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گئی اور اب ERP سسٹم کا پی آئی اے میں لاگو ہونا ایک تاریخی حیثیت رکھتا ہے۔ اس موقع پر پی آئی اے کے اعلیٰ انتظامی افسران بھی موجود تھے۔